اچھا انسان ہی اچھا ڈاکٹر ، اچھا باپ بن سکتا ہے ، اقدار پر مبنی تعلیم ضروری
شملہ۔ 29 فروری (سیاست ڈاٹ کام) صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند نے اقدار پر مبنی تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ہفتہ کو کہا کہ اس کا مقصد طلبہ کو اچھا انسان بنانا ہونا چاہئے۔ صدر کووند نے کہا کہ ایک اچھا انسان ایک اچھا ڈاکٹر، اچھا لیڈر، ایک اچھا باپ، ایک اچھا شوہر ثابت ہوسکتا ہے۔ اس طرح اگر کوئی لڑکی اچھی انسان ہوتی ہے تو وہ بھی ایک اچھی بہو اور ساس بن سکتی ہے۔ صدر کووند نے کہا کہ محض ایک ڈگری ہی تعلیم کا اختتام نہیں ہوتی۔ مرکز اور ریاستی حکومتوں نے تعلیم کے شعبہ میں کئی اقدامات کئے ہیں۔ ہر فرد کو ان اسکیموں سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔ جھارکھنڈ کے علاقہ بشنو پور میں ایک غیرسرکاری تنظیم ’’وکاس بھارتی‘‘ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قبائیلی طبقات کے افراد سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں خوشی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ملک بدل رہا ہے۔ ہمیں بھی بدلنا چاہئے۔ تبدیلی کے لئے وسائل بھی درکار ہیں۔ آبادی بڑھ رہی ہے۔ آپ اپنے بچوں کو پڑھائیں۔ انہیں اچھے اقدار سے آراستہ کریں۔