حیدرآباد 30 اپریل (سیاست نیوز) آئندہ تعلیمی سال سے ڈگری سال دوم اور آخری سال کے طلبہ یلیکیٹوز کے حصہ کے طور پر اسکل ڈیولپمنٹ کورسیس کو اختیار کرسکتے ہیں۔ تلنگانہ اسٹیٹ کونسل آف ہائر ایجوکیشن (ٹی ایس سی ایچ ای) اور ریاستی یونیورسٹیز کی جانب سے سیکٹر اسکل کونسلس کے کورسیس کا آغاز کرنے کے سلسلہ میں کام کیا جارہا ہے۔ وزارت اسکل ڈیولپمنٹ اینڈ انٹرپرینئرشپ کی جانب سے طلبہ کو انٹرن شپ کے حصول اور کورس کی تکمیل کے بعد ملازمت کی گیارنٹی میں مدد کی جائے گی۔ ڈگری کورس کرنے کے خواہاں طلبہ بی بی اے ان ریٹیل مینجمنٹ یا لاجسٹکس، بی ایس سی ان ہیلت کیر، بی ایس سی ان اپارل اینڈ گارمنٹ میکنگ یا بی اے ان کریٹیو رائٹنگ انٹرٹینمنٹ کو سال اول ہی میں اختیار کرسکتے ہیں۔ دوسرے اور تیسرے سال کے طلبہ کے لئے یلیکٹیوز کے طور پر ان کورسیس کی پیشکش کی جائے گی۔ ڈگری کورس میں 160 کریڈٹس ہوتے ہیں۔ دوسرے اور تیسرے سال کے طلبہ سیکٹر اسکل کونسلس کے کورسیس کی تکمیل کرتے ہوئے حاصل کرنے والے کریڈٹس کو ریگولر ڈگری میں منتقل کرسکتے ہیں اور انھیں ریگولر کورس میں دوسرے مضامین کو ترک کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ یہ کورسیس سرٹیفکٹ اور ڈپلوما پروگرامس کے طور پر بھی پیش کئے جائیں گے۔ سیکٹر اسکل کونسلس کے 13 کے منجملہ دس اسکل ڈیولپمنٹ کورسیس کی نشاندہی کی گئی ہے جنھیں آئندہ تعلیمی سال سے شروع کیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں تلنگانہ اسٹیٹ کونسل فار ہائر ایجوکیشن کی جانب سے سنٹر فار ریسرچ ان اسکیمس اینڈ پالیسیز کے اشتراک سے جمعہ کو ایک ورکشاپ منعقد کیا گیا جس میں آٹھ سیکٹر اسکل کونسل کے نمائندوں نے ان کورسیس کی اہمیت اور اس سے روزگار کے مواقع کے بارے میں واقف کروایا۔ کنوینشنل یونیورسٹیز کے وائس چانسلرس کا یکم مئی کو ایک اجلاس ہوگا جس میں آئندہ تعلیمی سال سے منتخب گورنمنٹ اور خانگی ڈگری کالجس میں یہ کورسیس متعارف کرنے کے سلسلہ میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ محکمہ تعلیم کے سکریٹری وی کرونا، کونسل فار ہائر ایجوکیشن کے چیرمین پروفیسر لمبادری اور دوسروں نے اس ورکشاپ میں شرکت کی۔