پوسٹ گریجویشن کورسس میں داخلہ کا عمل ملتوی کرنے کی تجویز
حیدرآباد: عثمانیہ یونیورسٹی سے ملحقہ ڈگری کالجس میں فائنل ایئر کے طلبہ نے بیاک لاگس امتحانات کے نتائج کی اجرائی میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ 7 ڈسمبر کو امتحانات منعقد کئے گئے تھے۔ طلبہ کا کہنا ہے کہ انہیں پوسٹ گریجویٹس کالجس میں داخلہ کیلئے ڈگری سرٹیفکٹ پیش کرنا ضروری ہے ۔ اسنادات کی جانچ کے وقت ڈگری سرٹیفکٹ کی پیشکشی لازمی ہے۔ آئندہ چند دنوں میں پوسٹ گریجویٹ کورسس میں داخلوں کا عمل شروع ہوگا۔ تلنگانہ لا سیٹ اور پی جی ایل سی ای ٹی میں داخلوں کے لئے 14 تا 22 ڈسمبر اسنادات کی جانچ کی جائے گی ۔ امیدواروں کو ڈگری سرٹیفکٹ اور میمورنڈم آن لائین پیش کرنا ہے۔ اسی دوران عثمانیہ یونیورسٹی کنٹرولر آف اگزامینیشن نے بتایا کہ تقریباً 5 لاکھ طلبہ نے اپنے باقی امتحانات میں حصہ لیا جو ڈسمبر کے پہلے ہفتہ میں ہوئے تھے۔ نتائج کی اجرائی کیلئے یونیورسٹی کے پاس وقت کافی کم ہے۔ یونیورسٹی کے اس موقف کے نتیجہ میں پوسٹ گریجویشن میں داخلہ کے خواہشمند طلبہ کو دشواریوں کا سامنا ہے ۔ اسی دوران صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن پروفیسر پاپی ریڈی نے بتایا کہ طلبہ کی دشواریوں کو دیکھتے ہوئے سرٹیفکٹ ویریفکیشن کا عمل ملتوی کیا جائے گا اور نئے شیڈول کا عنقریب اعلان ہوگا۔
