ڈھائی سالہ لڑکی کی عصمت ریزی کے مجرمین کو پھانسی دینے کا مطالبہ

   

Ferty9 Clinic

علیگڑھ واقعہ میں وزیراعظم نریندر مودی کو دہلی کی صدرنشین خواتین کمیشن سواتی مالی وال کا مکتوب

نئی دہلی،10جون (سیاست ڈاٹ کام)دہلی خواتین کمیشن کی صدرنشین سواتی مالی وال نے وزیراعظم نریندرمودی سے اترپردیش کے علی گڑھ کے ٹپل میں ڈھائی سال کی معصوم بچی کے قتل کے ملزمین کو پھانسی کی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔مالی وال نے مودی کو خط لکھ کر کہا ہے کہ ٹپل میں معصوم بچی کے قصورواروں کو دو ماہ کے اندر موت کی سز دی جائے جس سے پورے ملک میں سخت پیغام جائے ۔انہوں نے جرم ترمیمی قانون 2018 کو موثر انداز میں عمل میں لانے کا بھی مطالبہ کیاہے ۔خط میں صدرنے لکھا ہے کہ سبھی متعلقہ محکموں میڈیکل پیشہ ور،پولیس،استغاثہ، فارنسک ماہرین اور آئینی افسران کو آئینی عمل کو تیز اور موثر بنانے کے لئے تربیت دی جانی چاہئے ۔انہوں نے مناسب تعداد میں فاسٹ ٹریک عدالتیں بھی بنائی جانے کا مطالبہ کیا ہے ۔واضح رہے کہ پیسہ کے لین دین کے معاملے میں ڈھائی سال کی معصوم بچی کو وحشیانہ طریقے سے قتل کردیاگیا تھا۔اس واقعہ سے پورے ملک میں اشتعال ہے ۔بچی کوبربریت طریقے سے قتل کرکے لاش کو کوڑے کے ڈھیر میں پھینک دیاگیا تھا۔اس معاملے میں چار ملزمین کو گرفتار کیاگیا ہے اور پانچ پولیس افسروں پر کارروائی کرتے ہوئے معطل کردیاگیاہے ۔معاملے کی جانچ کے لئے خصوصی جانچ ٹیم تشکیل کرنے کے علاوہ ملزمین پر پاکسو قانون کے تحت کارروائی کی جائے گی۔