ڈھاکہ، 8 جنوری (یو این آئی) بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کی رضاکار ونگ سویاسبک دل کے رہنما عزیز الرحمن مصبر کو کل رات ڈھاکہ کے کاروان بازار علاقے میں نامعلوم حملہ آوروں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا جبکہ تیجگاؤں تھانہ فاریسٹ ورکرز یونین کے جنرل سیکرٹری سفیان بیاپاری مسعود زخمی ہو گئے ۔ یہ واقعہ قومی انتخابات سے قبل امن و امان پر بڑھتے ہوئے خدشات کے درمیان پیش آیا۔ ڈھاکہ میٹروپولیٹن پولیس (تیجگاؤں زون) کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فضل الکریم نے بتایا کہ مصبر کو فوری طور پر پنتھا پتھ کے بی آر بی اسپتال لے جایا گیا لیکن وہاں پہنچنے پر ا نہیں مردہ قرار دے دیا گیا۔ بعد میں مسعود کو علاج کے لیے ڈھاکہ میڈیکل کالج ہسپتال (ڈی ایم سی ایچ) لے جایا گیا۔ پولیس اور پارٹی ذرائع کے مطابق، مصبّر نے اس شام شہر کے ایک ہوٹل میں شریعت پور کے کچھ لوگوں کے ساتھ ایک پروگرام میں شرکت کی تھی۔ تقریب کے بعد مصبر اور مسعود قریبی گلی میں جا رہے تھے کہ دو افراد نے ان پر فائرنگ کر دی۔
حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے ۔
