ڈھیروں سکے جمع کرکے اسکوٹر خرید لی

   

نئی دہلی: آسام سے تعلق رکھنے والا شہری ڈھیروں سکے جمع کرکے اسکوٹر کا مالک بن گیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق آسام میں مذکورہ شخص نے کئی مہینوں تک سکے جمع کیے جس کے بعد سکوں سے بھری بوری اٹھا کر اسکوٹر خریدنے شو روم پہنچ گیا اور اسکوٹر بائیک خرید لی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہندوستانی شہری کی سکوں سے بھری بوری کو تین لوگ اٹھا کر شوروم میں لائے جہاں کئی لوگوں نے مل کر سکے گنے جس میں کافی وقت بھی لگا۔بائیک شوروم میں موجود عملے نے مرحلہ وار سکوں کی گنتی کی اور پھر سکے ایک حساب سے الگ الگ پلاسٹک کی ٹوکری میں رکھے گئے۔ریاست آسام کے ضلع برپیٹا کے رہائشی مذکورہ شخص کی خواہش تھی کہ وہ اپنا اسکوٹر خریدے جس کے لیے اس نے مہینوں تک سکے جمع کیے اور اس طرح چاہت پوری ہوئی۔ہندوستان کی یہ انوکھی خریداری سوشل میڈیا پر بھی زیر بحث بنی، صارفین نے اسکوٹر کے نئے مالک بننے والے شہری کی تعریف کی اور کہا قطرہ قطرہ سمندر بنتا ہے۔