ملزمین کا رومانیہ سے تعلق، منیجر ایس بی آئی کی شکایت پر پولیس کی کارروائی
حیدرآباد 24 اکٹوبر (سیاست نیوز) اے ٹی ایم مشینوں میں اسکیمرس اور مائیکرو کیمروں کے ذریعہ ڈیبٹ کارڈ کی تفصیلات کا سرقہ کرکے اُس کا بیجا استعمال کرنے میں ملوث رومانیہ سے تعلق رکھنے والے دو باشندوں کو پولیس عابڈس نے گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 47 سالہ ڈینیتا ویرجل سورینل اور اُس کے ساتھی جارج کرسچین عرف ماریو جو رومانیہ کے باشندے ہیں، شہر کی کئی اے ٹی ایم مشینوں پر اسکیمرس آلہ اور مائیکرو کیمرے نصب کرتے ہوئے ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات بشمول پن نمبر وغیرہ حاصل کرتے ہوئے اُس کا بیجا استعمال کرکے عوام کو دھوکہ دے رہے تھے۔ پولیس نے بتایا کہ اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے چیف منیجر نے پولیس سے ایک شکایت درج کرائی تھی جس میں یہ بتایا گیا کہ عابڈس علاقہ میں واقع اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے ایک اے ٹی ایم میں بعض افراد کی جانب سے اے ٹی ایم مشینوں سے چھیڑ چھاڑ کی کوشش کی گئی تھی۔ پولیس عابڈس نے اِس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے سی سی ٹی وی فٹیج کے ذریعہ اے ٹی ایم مشینوں سے چھیڑ چھاڑ کرنے والے رومانیہ کے دو باشندوں کو گرفتار کرلیا اور اُن کے قبضہ سے اسکیمرس اور سامسنگ لیاپ ٹاپ اور دیگر الیکٹرانک اشیاء ضبط کرلئے۔ پولیس نے بتایا کہ مسروقہ ڈیٹا کے ذریعہ مختلف اے ٹی ایم سے نقد رقومات حاصل کئے گئے تھے۔ گرفتار ملزمین کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل منتقل کردیا گیا۔