ڈیجیٹل آدھار ایپ : شناخت کی تصدیق مزید آسان اور محفوظ

   

UIDAI کی نئی سہولت ، آدھار کے غلط استعمال پر لگام ، ایک فون خاندان کے پانچ افراد کا آدھار

حیدرآباد ۔ 30 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : تصویر یا فنگر پرنٹ کے علاوہ اب چہرہ شناسی کے ذریعہ بھی آدھار کی تصدیق ممکن ہوگئی ہے ۔ UIDAI کی جانب سے تیار کردہ ڈیجیٹل آدھار ایپ کے ذریعہ صارفین خود اپنے آدھار کی تفصیلات کو لاک یا ان لاک کرسکتے ہیں ۔ جس سے آدھار ڈیٹا چوری یا غلط استعمال کے خدشات میں نمایاں کمی آئے گی ۔ اس ایپ کی ایک بڑی خصوصیت یہ بھی ہے کہ ایک ہی موبائل فون میں خاندان کے پانچ افراد تک کے آدھار کی تفصیلات محفوظ کی جاسکتی ہیں ۔ ایپ کے دیگر فوائد میں موبائل نمبر کی اپ ڈیٹ شامل ہے ۔ اب موبائل نمبر تبدیل کرنے یا معمولی اصلاحات کے لیے بنکوں اور آدھار مراکز کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں رہے گی ۔ بلکہ یہ تمام کام گھر بیٹھے ایپ کے ذریعہ ممکن ہوسکیں گے ۔ UIDAI کے مطابق کوئی بھی ایجنسی صارفین کی معلومات کو محفوظ نہیں کرسکتی ۔ ڈیٹا صرف تصدیق کے عمل کے لیے استعمال ہوتا ہے ۔ جس سے آدھار کے غلط استعمال کو روکا جاسکتا ہے ۔ چاہے ہاسپٹل میں داخلے کے وقت شناخت کی ضرورت ہو یا ہوٹل میں قیام یا پھر ایرپورٹ میں داخلے کے لیے یا فلم کا ٹکٹ بک کرواتے ہوئے عمر ثابت کرنی ہو یہ ایپ روزمرہ کے کاموں کو نہایت آسان بنا دیتی ہے ۔ صرف QR کوڈ اسکیان کرنے پر فوری آپ کی شناخت کی ویریفیکیشن ہوجائے گی ۔ حکومت نے ملک کے عوام کے لیے نیا آدھار ایپ دستیاب کرایا ہے ۔ اس ایپ کے ذریعہ آپ کو کہیں بھی جانے کے دوران آدھار کارڈ یا اس کی زیراکس کاپی لیجانے کی ضرورت نہیں پڑے گی ۔ آپ اپنے موبائل فون کے ذریعہ اپنی شناخت ثابت کرسکتے ہیں ۔ ڈیجیٹل آدھار کے ذریعہ اب کاغذی کارروائی کے بغیر تیز اور محفوظ طریقے سے شناخت کی تصدیق ممکن ہوگئی ہے ۔ جس کو ڈیجیٹل انڈیا کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا جارہا ہے ۔۔ 2