ڈیجیٹل پے مینٹس پر الیکشن کمیشن کی نظر‘ بینکرس کا اجلاس،

   

ایک کھاتہ سے منتقل ہونے والی رقم کی تفصیلات طلب کی
حیدرآباد۔/24 اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) الیکشن کمیشن تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر ڈیجیٹل پے مینٹس پر خصوصی توجہ دے رہا ہے۔ انتخابی شیڈول کی اجرائی کے بعد سے اب تک پولیس تحقیقات میں کروڑہا روپئے نقد رقم ، طلائی زیورات کی بھاری مقدار میں ضبطی کے بعد الیکشن کمیشن نے ڈیجیٹل طریقہ کے آن لائن لین دین پر خاص نظر رکھی ہے۔ سیاسی جماعتوں اور مقابلہ کرنے والے امیدواروں یا ان کے حامیوں کے علاوہ مخصوص ایجنسیوں کی جانب سے بھاری مقدار میں رقم بینکوں کے علاوہ گوگل پئے، فون پئے، پے ٹی ایم کے علاوہ دیگر پلیٹ فارمس کے ذریعہ منتقل کرنے کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے بینکرس کا اجلاس طلب کیا گیا ہے ۔ اس طرح بینک میں منتقل کی جانے والی رقم کے بارے میں الیکشن کمیشن کو اطلاع دینے کی انہیں ہدایت دی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن کے قواعد کے مطابق مقررہ مقدار سے زیادہ رقم کی منتقلی کے تعلق سے تفصیلات کی فہرست پیش کرنے کے بھی احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ بینکرس کو ہدایت دی گئی ہے کہ ریاست بھر کے تمام اضلاع کے الیکشن آفیسرس کے بشمول اسٹیٹ الیکشن کمیشن کو فہرست روانہ کریں۔ ایک ہی بینک کھاتہ سے بھاری مقدار میں منتقل ہونے والی رقم پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔ن