ڈیجیٹل گرفتاری نام کا کوئی قانونی تصور نہیں

   

شہریوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں، کمشنر پولیس وی سی سجنار نے ویڈیو جاری کیا
حیدرآباد 15 فروری (سیاست نیوز) حیدرآباد پولیس کمشنر وی سی سجنار نے ایک سائبر کرائم بیداری ویڈیو شیر کی جو حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے امریکہ میں مقیم مواد کی تخلیق کار دیپک کارا مونگیکر نے بنائی ہے جس میں شہریوں کو بڑھتے ہوئے ڈیجیٹل گرفتاری اسکام کے خلاف خبردار کیا گیا ہے۔ اس ویڈیو میں دیپک نے جو خالص حیدرآبادی زون میں اپنے مواد میں بتایا کہ کس طرح سائبر کرائمس، پولیس، سی بی آئی، نارکوٹکس کنٹرول بیورو اور آر بی آئی جیسی ایجنسیوں کے عہدیداروں کی نقالی کرتے ہیں تاکہ ویڈیو کال کے ذریعہ متاثرین کو ڈرایا جاسکے۔ اس نے نام نہاد ڈیجیٹل گرفتاری کو ایک دھوکہ دہی کا حربہ قرار دیا جہاں اسکیمرز دعویٰ کرتے ہیں کہ متاثرہ شخص زیرتفتیش ہے اور اسے مسلسل ویڈیو کال نگرانی میں رکھا جاتا ہے۔ دھوکہ باز اہلکاروں کی طرح ملبوس کپڑوں میں نظر آتے ہیں۔ اختیار کے ساتھ بات کرتے ہوئے منی لانڈرنگ یا دیگر سنگین جرائم میں ملوث ہونے کا الزام لگاکر فون پر ہراسانی پھیلاتے ہیں۔ اس کے بعد وہ متاثرین پر دباؤ ڈالتے ہیں کہ وہ گرفتاری، بینک اکاؤنٹ کو ضبط کرنے یا قانونی کارروائی سے بچنے کے لئے رقم منتقل کریں۔ دیپک نے واضح کیاکہ ڈیجیٹل گرفتاری نام کا کوئی قانونی تصور نہیں ہے اور پولیس کبھی بھی تحقیقات نہیں کرتی ہے اور نہ ہی واٹس ایپ یا ویڈیو کالس کے ذریعہ رقم کا مطالبہ کرتی ہے۔ انھوں نے کہاکہ یہ ویڈیو حیدرآباد پولیس کے سائبر کرائم بیداری اقدام جاگرت حیدرآباد ۔ تحفظ حیدرآباد کے ایک حصہ کے طور پر تیار کیا گیا ہے۔ ویڈیو کا اشتراک کرتے ہوئے سجنار نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ایسی کالس سے نہ گھبرائیں اور دھوکہ بازوں کے خلاف چوکنا رہیں۔ (ش)