ڈیرل مچل نے کوہلی سے نمبرایک مقام چھین لیا

   

دبئی، 21 جنوری (آئی اے این ایس) نیوزی لینڈ کے بیٹر ڈیرل مچل نے ہندوستان کے تجربہ کار بیٹر ویراٹ کوہلی کو مردوں کی ونڈے بیٹنگ درجہ بندی میں سرفہرست مقام سے ہٹا دیا ہے۔ یہ کامیابی مچل نے ہندوستان کے خلاف لگاتار سنچریوں کی بدولت حاصل کی، جن کی مدد سے نیوزی لینڈ نے تین میچوں کی سیریز 2-1 سے جیت لی۔ 845رینکنگ پوائنٹس کے ساتھ ڈیرل مچل اب پہلے نمبر پر پہنچ گئے ہیں، جبکہ ویراٹ کوہلی 795 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پرآ گئے ہیں۔ دونوں کھلاڑیوں نے رینکنگ میں اپنے تعاقب میں موجود بیٹرسجن میں ابراہیم زدران، روہت شرما، شبمن گل اور بابر اعظم شامل ہیں ، ان تمام سے واضح برتری حاصل کر رکھی ہے۔ یہ دوسری مرتبہ ہے کہ ڈیرل مچل نے ونڈے کرکٹ میں عالمی نمبر ایک بیٹر کا مقام حاصل کیا ہے، تاہم ان کا پچھلا دورِ اول صرف تین دن پر محیط رہا تھا، جب گزشتہ نومبر میں روہت شرما نے انہیں پیچھے چھوڑ دیا تھا۔ اب مچل کے نام ہندوستان کے خلاف ونڈے کرکٹ میں چار سنچریاں ہو چکی ہیں، جو جنوبی افریقہ کے سابق عظیم بیٹر اے بی ڈی ویلیئرزکی پانچ سنچریوں سے صرف ایک کم ہیں۔ ان کی لگاتار دو اننگز، جن میں انہوں نے 130 سے زائد رنز بنائے، نہ صرف نیوزی لینڈ کی ونڈے تاریخ میں مارٹن گپٹل کے ریکارڈ (چار بار 130+ اسکور) کے برابر ہیں بلکہ ونڈے بیٹنگ درجہ بندی میں ان کے تیزی سے عروج کو بھی نمایاں کرتی ہیں۔ افغانستان کے ابراہیم زدران (تیسرا مقام ، 764 پوائنٹس) نے سابق کپتان روہت شرما (چوتھا مقام، 757 پوائنٹس) کو پیچھے چھوڑ دیا، جبکہ مچل اورکوہلی ان دونوں سے آگے ہیں۔ سیریز کے فیصلہ کن میچ میں، گلین فلپس اور ڈیرل مچل کے درمیان 219 رنزکی شراکت قائم ہوئی، جو نیوزی لینڈ کی ونڈے تاریخ کی دوسری سب سے بڑی پارٹنرشپ ہے۔ فلپس نے 88 گیندوں پر 106 رنزکی اننگز کھیلی، جس کے نتیجے میں وہ بیٹنگ درجہ میں 16 درجے ترقی پاکر20 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ گلین فلپس ونڈے آل راؤنڈرزکی رینکنگ میں بھی 14 درجے بہتری کے ساتھ مشترکہ طور پر 31ویں نمبر پر آگئے ہیں، جبکہ افغانستان کے عظمت اللہ عمرزئی بدستور اس فہرست میں سرفہرست ہیں۔ نیوزی لینڈ کے مائیکل بریسویل نے بھی ونڈے بولنگ درجہ بندی میں نمایاں بہتری دکھائی ہے۔ ہندوستان کے خلاف سیریزکے ابتدائی دو میچوں میں اچھی کارکردگی کے بعد وہ چھ درجے ترقی کرکے 33ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ بولنگ درجہ بندی میں سرفہرست مقام برقرار ہے، جہاں افغانستان کے راشد خان 710 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہیں، جبکہ انگلینڈ کے جوفرا آرچر 670 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ راشد خان نے حالیہ ٹی ٹوئنٹی بولنگ درجہ بندی میں بھی دو درجے ترقی کرتے ہوئے دوسرا مقام حاصل کرلیا ہے، جب انہوں نے دبئی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے پہلے میچ میں افغانستان کے لیے دو وکٹیں حاصل کیں۔