نئی دہلی: ترنمول کانگریس کے ڈیرک اوبرائن کو چیئرکے حکم کو نظر انداز کرنے اور ایوان میں کارروائی کے دوران خلل ڈالنے کے لئے جمعرات کو راجیہ سبھا سے پارلیمنٹ کے اجلاس کی بقیہ مدت کے لئے معطل کر دیا گیا۔چیئرمین جگدیپ دھنکھڑ نے قائد ایوان پیوش گوئل کی جانب سے برائن کو ایوان میں ان کے غیر منظم طرز عمل پر سیشن کی باقی مدت کے لیے معطل کرنے کی تجویز منظور ہوتے ہی برائن کو فوری طور پر ایوان سے باہر جانے کا حکم دیا اور ایوان کی کارروائی 2 بجے تک ملتوی کردی۔اس سے قبل بھی اسی مدے پر ایوان کی کارروائی 12 بجے تک ملتوی کرنی پڑی تھی۔جیسے ہی 12 بجے کارروائی شروع ہوئی، دھنکھڑ نے کہا کہ اوبرائن نے چیئر کے حکم کی خلاف ورزی کی ہے اوروہ ایوان میں نعرے بازی کر رہے ہیں۔ ان کے اس طرز عمل کو قبول نہیں کیا جا سکتا اور وہ رول 256 کے تحت ان کا نام دوبارہ پکار رہے ہیں۔ایوان کے قائد پیوش گوئل نے ایک تجویز پیش کی جس میں کہا گیا کہ مسٹر برائن کو نشست کی بے توقیری اور کارروائی میں خلل ڈالنے پر سیشن کی بقیہ مدت کے لئے راجیہ سبھا سے معطل کیا جاتاہے ۔