حیدرآباد 11 جون ( سیاست نیوز) شہر میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں شعبہ ڈیزاسٹر ریسپانس ٹیموں کے دائرہ کار کو مزید وسعت دے کر انہیں آؤٹر رنگ روڈ تک کیا جائے ۔ چیف سیکریٹری شانتی کماری نے آج جائزہ اجلاس میں عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ جی ایچ ایم سی حدود میں برسر کار ای وی ڈی ایم ٹیموں میں اضافہ کرکے انہیں آؤٹر رنگ روڈ تک وسعت دینے اقدامات کریں تاکہ موسلادھار بارش یاسیلاب کی صورتحال میں ان کی خدمات حاصل کرکے عوام کو مشکل حالات سے محفوظ رکھا جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے گذشتہ دنوں اجلاس میں ہدایات جاری کی تھیں کہ ریاست میں عوام کو بارش کی صورت میں تکالیف کا سامنا نہ کرنا پڑے ایسے انتظامات کئے جائیں ۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر کی ہدایت کے بعد جی ایچ ایم سی کے حدود میں بارش کا پانی جمع ہونے پر نکاسی کے اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے فیصلہ کیاگیا ہے کہ ڈی آر ایف ٹیموں کے دائرہ میں اضافہ کرکے انہیں او آر آر تک وسعت دی جائے۔ چیف سیکریٹری کو عہدیداروں نے بتایا کہ جی ایچ ایم سی حدود میں فی الحال 30 ڈی آر ایف ٹیمیں متحرک ہیں جو مختلف مقامات پر تعینات ہوتی ہیں ۔ اس میں مزید 15 ٹیموں کا اضافہ کرکے انہیں او آر آر حدود میں تعینات کیا جاسکتا ہے۔ چیف سیکریٹری نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ملک کے میٹروپولیٹین شہروں میں آگ پر قابو پانے اقدامات اور انتظامات کا مطالعہ کرکے ریاست میں بھی اسی طرح کے آتش فرو عملہ کی تربیت کو یقینی بنانے تجاویز حکومت کو پیش کریں۔ بتایا گیا کہ حالیہ عرصہ میں جہاں فارما کمپنیو ںمیں آتشزنی کے واقعات پیش آئے تھے ان کا حوالہ دے کر اجلاس کے دوران اس پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔3