وزیر سرینواس ریڈی کا جائزہ اجلاس، ضلع کلکٹرس کے ساتھ بارش کی صورتحال کا جائزہ
حیدرآباد ۔ 2 ۔ جولائی (سیاست نیوز) حکومت نے تلنگانہ اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کو مستحکم بنانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ آفات سماوی یا حادثات کی صورت میں انسانی جانوں کو بچایا جاسکے۔ وزیر مال و ہاؤزنگ سرینواس ریڈی نے چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ کے ہمراہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی کارکردگی پر جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی تنظیم جدید اور عصری سہولتوں سے آراستہ کرتے ہوئے ملک کے لئے مثالی بنایا جائے گا۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے ذریعہ جان و مال کے نقصانات کو کم کیا جاسکتا ہے۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ادارہ کے صدرنشین چیف منسٹر ہیں جبکہ ارکان کے طور پر ریونیو ، ہوم ، فینانس ، ہیلت ، آبپاشی ، آر اینڈ بی ، پنچایت راج ، دیہی ترقی ، محکمہ جات کے وزراء کو شامل کیا گیا ہے۔ چیف سکریٹری ممبر کنوینر ہوں گے۔ پرنسپل سکریٹری ریونیو کو خصوصی مدعو کے طورپر شامل کیا گیا۔ اجلاس میں مختلف اضلاع میں بارش کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور ضلع کلکٹرس سے احتیاطی اقدامات کے بارے میں دریافت کیا گیا۔ چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے اسپیشل چیف سکریٹری اروند کمار نے ضلع کلکٹرس سے معلومات حاصل کیں۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ بارش کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے کئی محکمہ جات کو بہتر تال میل کے ساتھ کام کرنا ہوگا جن میں پولیس ، آبپاشی ، برقی ، ہیلت اور پاسپورٹ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوداوری اور کرشنا کے علاقوں میں مسلسل بارش کے سبب عوام کو محفوظ مقامات منتقل کرنے پر غور کیا جائے۔ سیلاب کی صورت میں احتیاطی اقدامات کی منصوبہ بندی کرنے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی گئی۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ بارش میں پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے کیلئے ہیلی کاپٹرس اور کشتیوں کی خدمات حاصل کی جاسکتی ہے۔ اجلاس میں سکریٹری ڈیزاسٹر مینجمنٹ شیو شنکر ، ڈائرکٹر جنرل فائر سرویسز ناگی ریڈی ، کمشنر حیڈرا رنگناتھ ، صدرنشین سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن مشرف فاروقی ، ڈائرکٹر اگریکلچرل بی گوپی اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں نے شرکت کی۔1