ہوٹلوں اور ریستورانوں کا کاروبار بحال ، چکن کی طلب لیکن پیداوار پر کنٹرول
حیدرآباد۔23ستمبر(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں چکن کی قیمتوں میں اضافہ کی وجوہات کے سلسلہ میں کہا جار ہاہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ہونے والے اضافہ کا اثر چکن کی قیمتوں پر ہورہا ہے اور اس کے علاوہ کورونا وائرس وباء کے دوران چکن کے استعمال سے قوت مدافعت میں اضافہ کے نظریہ کے فروغ کے سبب چکن کے استعمال میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کی وجہ سے شہر حیدرآباد میں چکن کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے۔ چکن کے ٹھوک تاجرین کا کہناہے کہ ریاست تلنگانہ میں لاک ڈاؤن کے مکمل خاتمہ کے بعد ریستوراں کے کاروبار بحال ہونے کے لگے ہیں اور ہوٹلوں اور ریستوراں میں چکن کی طلب میں ریکارڈاضافہ کے سبب بھی قیمتیں بڑھنے لگی ہیں۔ ٹھوک تاجرین نے بتایاچکن کی طلب میں اضافہ اور پیداوار پر کئے جانے والے کنٹرول کے سبب یہ صورتحال پیدا ہورہی ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ چکن کی پیداوار کے سلسلہ میں فارمنگ میں احتیاط کی جارہی تھی کیونکہ وباء کی صورتحال کے متعلق کوئی وثوق کے ساتھ نہیں کہہ پا رہاہے اسی لئے طلب کے مطابق ہی پیداوار کی جارہی تھی اور بتدریج طلب میں اضافہ ہونے لگا ہے۔ دونوں شہروں میں نامپلی مارکٹ‘ محبوب چوک مارکٹ کے علاوہ جگہ جگہ چکن کی قیمتوں کی مختلف قیمتوں کے سلسلہ میں تاجرین کا کہنا ہے کہ خریدی کے اوقات اور پرندوں کے وزن کے مطابق قیمتوں کا تعین ہوتا ہے لیکن گذشتہ چند یوم سے معیاری چکن کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے۔ شہر کے رعیتو بازاروں سے متصل چکن اور گوشت کی دکانات کی قیمتوں کے کم ہونے کی وجوہات کے سلسلہ میں بھی ٹھوک تاجرین کا کہنا ہے کہ شہر کے بیشتر حصوں میں وزنی پرندوں کی فروخت عمل میں لائی جاتی ہے جو کہ قیمت کے اعتبار سے کم ہوتے ہیں لیکن معیاری پرندوں کے گوشت کی قیمت میں گذشتہ 15تا20 یوم کے دوران 50 روپئے تک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ تاجرین کے مطابق شہر حیدرآباد میں قیمتوں میں اضافہ کی بنیادی وجوہات حمل و نقل کی قیمتوں میںپٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کے منفی اثرات کے علاوہ حالیہ عرصہ کے دوران چکن کے استعمال میں ہونے والے اضافہ کی وجہ سے چکن کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے ۔ شہر حیدرآباد میں آج زندہ چکن کی قیمت 130 روپئے ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ ڈریسڈ اور گوشت کی قیمتیں علحدہ رہیں اور جلد کی صفائی کے ساتھ فروخت کئے جانے والے گوشت کو 250 روپئے تک بھی فروخت کیا گیا لیکن اس کے باوجود پرانے شہر کے علاقو ںمیں چکن کی قیمتوں پر بڑی حد تک قابو دیکھا جا رہاہے ۔م