ڈیفنڈنگ چمپئن جوکووچ یو ایس اوپن سے باہر

   

نیویارک: ڈیفنڈنگ چمپئن نوواک جوکووچ بھی کارلوس الکاراز کے باہر ہونے کے ایک دن بعد چار سٹ کے مقابلے میں ہارتے ہوئے یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے۔ جوکووچ اپنا 25 واں گرانڈ سلام ٹائٹل جیتنے کی کوشش میں آسٹریلیا کے 28 ویں سیڈ الیکسی پوپیرین کے ہاتھوں 6-4، 6-4، 2-6، 6-4 سے شکست کھا گئے۔ یہ 2017 کے بعد پہلی بار ہوا ہے کہ سکنڈ سیڈ جوکووچ نے سال میں ایک بھی گرانڈ سلام ایونٹ نہیں جیتا۔ اس سے قبل 2010 میں بھی ایسا ہوا تھا۔ صرف یہی نہیں 2002 کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ ٹینس کے تین عظیم کھلاڑی جوکووچ، رافیل نڈال اور راجر فیڈرر میں سے کسی نے بھی کسی ایک سال میں گرانڈ سلام ٹرافی نہیں جیتی۔ جوکووچ اس سے قبل 2005 اور 2006 میں یو ایس اوپن کے تیسرے راؤنڈ سے آگے نہیں بڑھ پائے تھے۔ یہ 37 سالہ اسٹار یہاں 2011، 2015، 2018 اور 2023 میں چمپئن بن گیا تھا۔ پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے جوکووچ نے 14 بار ڈبل فالٹ کیا اور میچ کے دوران تھکے نظر آئے۔ یہ آسٹریلیا کے 25 سالہ پوپیرین کی جوکووچ کے خلاف پہلی جیت ہے۔ اب ان کا مقابلہ امریکہ کے 20 ویں سیڈ فرانسس ٹیافو سے ہوگا جنہوں نے ہم وطن بین شینٹن کو 4-6، 7-5، 6-7 (5)، 6-4، 6-3 سے شکست دی۔ ویمنس سیکشن میں پچھلی چمپئن اور تھرڈ سیڈ کوکو گاف پہلا سٹ ہارنے کے باوجود آگے بڑھنے میں کامیاب رہیں۔ امریکی کھلاڑی نے 27 ویں سیڈ ایلینا سویٹولینا کو 3-6، 6-3، 6-3 سے شکست دی۔ ایما ناوارو بھی اگلے راؤنڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئیں۔ اس 13ویں سیڈ نے 19ویں سیڈ مارٹا کوسٹیوک کے خلاف 6-4، 4-6، 6-3 سے جیت درج کرائی۔