نئی دہلی : دنیا بھر میں کورونا کے ڈیلٹا ویریئنٹ کے پھیلنے کی وجہ سے اب عالمی صحت تنظیم نے اپیل کی ہے کہ جن لوگوں نے ٹیکے کی دونوں ڈوز لے لی ہیں ، وہ بھی ماسک پہننا نہ چھوڑیں۔ ڈبلیو ایچ او نے کہا کہ خطرناک اور زیادہ متعدی ڈیلٹا ویریئنٹ کو پھیلنے سے روکنے کیلئے سماجی فاصلہ پر عمل کرنا ، ماسک پہننا اور دیگر تحفظاتی اقدامات کو نہیں چھوڑنا چاہئے۔ ڈبلیو ایچ او کی افسر مریانگیلا سماو نے کہا کہ لوگوں کو صرف اس لئے محفوظ محسوس نہیں کرنا چاہئے ، کیونکہ انہوں نے دونوں ڈوز لے لی ہیں۔ انہیں ابھی بھی وائرس سے خود کو بچانے کی ضرورت ہے۔سی این بی سی کے مطابق ڈبلیو ایچ او ہیڈکوارٹر میں ایک پریس بریفنگ کے دوران سماو نے کہا کہ صرف ویکسین کمیونٹی ٹرانسمیشن کو نہیں روک سکتی۔ لوگوں کو مسلسل ماسک پہننا ہوگا۔ ہوا دار جگہوں میں رہنا ہوگا ، بھیڑ سے بچنا ہوگا اور ہاتھوں کو صاف رکھنا ہوگا۔ یہ سب تب بھی بہت ضروری ہے جب آپ ٹیکے کی دونوں ڈوز لے چکے ہوں۔ڈبلیو ایچ او نے یہ بھی کہا کہ ٹیکہ لگواچکے لوگوں کو محفوظ رہنے کیلئے دھیان رکھنا ہوگا۔ ڈیلٹا جیسے انتہائی متعدی ویریئنٹس بھی کئی ممالک میں پھیل رہے ہیں اور دنیا کے ایک بڑے حصے میں ٹیکہ لگنا ابھی باقی ہے۔ ڈیلٹا ویریئنٹ سب سے پہلے ہندوستان میں ملا تھا۔ عالمی صحت تنظیم کے مطابق یہ اب تقریبا 85 ممالک میں پھیل چکا ہے۔ادھر ملک میں کورونا وائرس کی رفتار دھیمی پڑنے اور انفیکشن کے نئے کیسز میں نشیب و فراز کے درمیان اس ہفتے دوسری بار نئے کیسز 50 ہزار سے کم ہوئے ہیں۔ اس دوران جمعہ کے روز 61 لاکھ 19 ہزار 169 افراد کو کورونا کے ٹیکے لگائے گئے۔ ملک میں اب تک 31 کروڑ 50 لاکھ 45 ہزار 926 افراد کو ٹیکے لگائے جاچکے ہیں۔