ڈیلٹا ویریئنٹ جان لیوا ثابت ہونا ضروری نہیں: ماہرین

   

نئی دہلی : ماہرین نے ڈیلٹا قسم کے ابتدائی معائنے کے بعد دعویٰ کیا ہے کہ کورونا کی ڈیلٹا قسم میں بہت زیادہ جینیاتی تبدیلیاں نہیں آئیں اور یہ بھی ضروری نہیں کہ یہ قسم دیگر اقسام کے مقابلے میں بہت زیادہ جان لیوا ثابت ہو۔ فریڈ ہیچسٹن کینسر ریسرچ سینٹر کے بائیولوجسٹ ٹریوور بیڈفورڈ کے مطابق ہندوستان میں کورونا وائرس کی مہلک قسم ڈیلٹا نے شہریوں کو اپنی زد میں لینا شروع کیا تو لوگ شدید خوفزدہ ہوگئے کہ کہیں یہ قسم بہت زیادہ ہلاکتوں کا باعث نہ بنے۔ ماہرین نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈیلٹا قسم میں کورونا کی دیگر اقسام کے مقابلے میں بہت کم جینیاتی و میوٹیشنز کی تبدیلیاں ہوئی ہیں ، جو اسے دگنی رفتار سے پھیلنے کے قابل بناتی ہیں۔کورونا وائرس کی جانب سے اسپائیک پروٹین کو انسانی خلیات میں داخلے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے اور اس میں ہونے والی تبدیلیاں وائرس کو جسم کا دفاع کرنے والی اینٹی باڈیز سے بچنے یا اس پر حملہ آور ہونے میں مدد فراہم کرتی ہیں۔چین میں ایک تحقیق کے دوران دریافت کیا گیا تھا کہ ڈیلٹا قسم سے متاثر مریضوں میں وائرس کی اوریجنل قسم کے مقابلے میں ایک ہزار گنا زیادہ وائرل لوڈ نظام تنفس کی نالی میں ہوتا ہے، جس کی وجہ سے وہ چھینک، کھانسی یا بات کرنے سے زیادہ آسانی سے پھیل جاتا ہے۔ درحقیقت یہ نئی میوٹیشن اس وائرس کے لیے لوگوں کو بیمار کرنے کی صلاحیت کو زیادہ مؤثر بنادیتی ہے۔ ڈیلٹا میں ایسی جینیاتی تبدیلیاں بھی موجود ہیں ، جو دیگر اقسام میں نظر نہیں آئیں۔ ان میں سے ایک اسپائیک میوٹیشن ڈی 950 این ہے ، جو اس لیے منفرد ہے کیونکہ وہ کورونا کی کسی اور قسم میں نظر نہیں آئی۔