آج سے سیاہ بیاچس کے ساتھ خدمات، اعزازیہ اور دیگر مراعات کا مطالبہ
حیدرآباد۔28 نومبر(سیاست نیوز) شہر میں SWIGGY ڈیلیوری بوائز اپنے مطالبات منوانے کے لئے 5ڈسمبر سے غیر معینہ مدت کی ہڑتال کرسکتے ہیں۔ ڈیلیوری عملہ کی جانب سے SWIGGY منیجر کو جاری کئے گئے مکتوب میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ ڈیلیوری بوائز 29 نومبر سے اپنے مطالبات کو پورا کروانے کے لئے سیاہ بیاچس کے ساتھ خدمات انجام دیں گے اور اگر ان کے مطالبات کی 5ڈسمبر تک یکسوئی نہیں کی جاتی ہے تو ایسی صورت میں غیر معینہ مدت کی ہڑتال کا آغاز کردیا جائے گا۔ ڈیلیوری عملہ کی جانب سے روانہ کئے گئے مکتوب میں جو مطالبات رکھے گئے ہیں ان میں کمپنی سے کہا گیا ہے کہ ان کی بنیادی اجرت 35 روپئے کی جائے اس کے علاوہ بیاچ آرڈر پر 20 روپئے ادا کئے جائیں۔ ڈیلیوری بوائز کی جانب سے کئے جانے والے مطالبات میں کہا گیا ہے کہ گاہک کو ڈیلیوری کی صورت میں ادا کئے جانے والے 5روپئے بحال کئے جائیں۔اس کے علاوہ 6روپئے فی کیلو میٹر جو رقم فاصلہ کے اعتبار سے ادا کی جاتی ہے اسے 6 سے بڑھا کر 12 روپئے کئے جائیں کیونکہ ایندھن کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے۔ماہانہ خدمات کے اعتبار سے دیئے جانے والے اعزازیہ کو بحال کیا جائے۔اس کے علاوہ سوپر زون کے نظریہ کو ختم کرتے ہوئے تمام علاقوں میں ڈیلیور ی کی سہولت فراہم کی جائے اور SWIGGY کی جانب سے دیگر کمپنیوں کے ڈیلیوری بوائز کو آرڈرس کی حوالگی کا جو سلسلہ شروع کیا گیا ہے اسے فوری طور پر بند کیا جائے۔پلیٹ فارم ورکرس یونین کی جانب سے روانہ کئے گئے اس مکتوب میں واضح کیا گیا ہے کہ ایپ کی جانب سے روشناس کروائے جانے والے نئے رہنمایانہ خطوط عملہ کے مفاد میں نہیں ہے اسی لئے وہ اپنے مطالبات کی یکسوئی کے لئے غیر معینہ مدت کی ہڑتال کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ ڈیلیوری بوائز کو ہونے والے نقصانات کے سلسلہ میں کہا جا رہاہے کہ انہیں جو آمدنی حاصل ہوا کرتی تھی اسے کم کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں جس کی وجہ سے انہیں نقصان ہورہا ہے ۔ ڈیلیوری بوائز کا کہنا ہے کہ آمدنی میں کمی اور اخراجات میں اضافہ کے سبب وہ اپنے کاموں پر توجہ دینے سے قاصر ہیں اور وہ SWIGGY کے ذمہ داروں سے بات چیت کے ذریعہ مسئلہ کو حل کرنے کے حق میں ہیں اسی لئے غیر معینہ مدت کی ہڑتال شروع کرنے سے قبل ایک ہفتہ تک وہ بیاچس کے ساتھ خدمات انجام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔م