ڈیل اسٹین آئی پی ایل 2021 سے دستبردار، ریٹائر نہیں ہونگے

   

جوہانسبرگ: رائل چیلنجرس بنگلورو کے جنوبی افریقی تیزگیند باز ڈیل اسٹین نے آئی پی ایل 2021 سیزن سے دستبردارہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ 37 سالہ گیند باز نے ٹویٹر پر اس فیصلے کے تعلق سے معلومات دیتے ہوئے بتایا کہ ان کا ارادہ کسی دیگر فرنچائزی کے لئے کھیلنے کا نہیں ہے بلکہ انہوں نے یہ فیصلہ کرکٹ سے مختصر وقت کے لئے وقفہ لینے کے لئے کیا ہے۔ ڈیل اسٹین نے کہا ’’میں چھوٹا سا پیغام دینا چاہتا ہوں۔ میں اس سال ہونے والے آئی پی ایل میں بنگلورو کے لئے حاضر نہیں رہوں گا۔ میں کسی دوسری ٹیم کے ساتھ کھیلنے پر بھی غور نہیں کر رہا ہوں اور میں یہ فیصلہ کچھ وقت کے لئے کرکٹ سے وقفے کے سبب لیا ہے۔ میرے فیصلے کوسمجھنے کے لئے آپ بنگلورو کا شکریہ۔ میں ریٹائر نہیں ہو رہا ہوں‘‘۔ واضح رہے کہ ڈیل اسٹین آئی پی ایل 2020 میں بنگلورو کے لئے صرف تین میچوں میں کھیلنے کے لئے اترے تھے، جہاں انہوں نے 11.40 کی اوسط سے سے ایک وکٹ لیا تھا۔ ڈیل اسٹین نے آئی پی ایل میں 95 میچ کھیلے ہیں اور ان کے نام 97 وکٹ درج ہیں۔ اس عظیم گیند باز کا اوسط 7 رن فی اوور سے بھی کم ہے۔