وبا کو روکنے دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں کچرے کی نکاسی اور مچھروں کی افزائش پر قابو پانا ضروری
حیدرآباد۔30 جولائی (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآبادمیں ڈینگو کے متاثرین کی تعداد میں ہونے والے اضافہ کو روکنے کے لئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب مچھر کش ادویات کے چھڑکاؤ اور کچرے کی نکاسی کے اقدامات کو فوری تیز کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ دونوںشہرو ں میں موجود خانگی کلینکس میں بخار‘ نزلہ اور کھانسی کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈکیا جانے لگا ہے اور کہا جا رہاہے کہ بیشتر مریض ڈینگو کا شکار ہونے لگے ہیں۔ ڈاکٹرس کا کہنا ہے کہ ڈینگو کی بنیادی وجہ مچھر ہیں اور مچھر کش ادویات کے چھڑکاؤ اور مچھروں کی افزائش پر قابو پاتے ہوئے ڈینگو سے نجات حاصل کی جاسکتی ہے۔ کورونا وائرس کے وباء کے دوران شدید بخار اور کھانسی کے علاوہ نزلہ کی شکایات اور اب ڈینگو مریضوں کی تعداد میں اضافہ اور ان میں بھی کورونا وائرس کی طرح کی علامات کے سبب شہری تشویش کا شکار ہونے لگے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کی حکومت کی جانب سے توثیق کی جا رہی ہے لیکن ڈینگو کی وباء کا شکار ہونے والوں کی تعداد میں بھی تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے اسی لئے شہریوں کو احتیاط کے ساتھ ساتھ حفاظتی تدابیر اختیار کرنے میں کوتاہی نہیں کرنی چاہئے ۔ ڈاکٹرس نے بتایا کہ صفائی اور مچھروں کی افزائش کو روکتے ہوئے ڈینگو کی وباء کو پھیلنے سے روکا جاسکتا ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے شہر حیدرآباد کے کئی علاقوں بالخصوص شہر سلم بستیوں میں مچھر کش ادویات کا چھڑکاؤکیا جا رہاہے لیکن پانی جمع ہونے کے سبب شہر کے پاش علاقوں میں بھی مچھروں کی بہتات ہونے لگی ہے اسی لئے جی ایچ ایم سی کو سلم بستیوں کے ساتھ ساتھ شہر کے ترقی یافتہ اور صاف ستھرے علاقوں کے علاوہ تالابوں کے قریب کی بستیوں اور محلہ جات میں بھی مچھر کش ادویات کے چھڑکاؤ کو یقینی بنانے کے اقدامات کرنے ضروری ہیں۔ بلدی عہدیداروں کا کہناہے کہ شہر حیدرآباد میں بلدیہ کی جانب سے صفائی کے علاوہ مچھروں کی افزائش کو روکنے کیلئے خصوصی مہم چلائی جا رہی ہے لیکن اس کے باوجود بھی کئی علاقوں سے اس بات کی شکایات موصول ہورہی ہیں کہ مچھر کش ادویات کے چھڑکاؤ کا ان علاقو ںمیں کوئی اثر نہیں ہورہا ہے ۔عہدیداروں نے بتایا کہ روزانہ کے اساس پر مچھر کش ادویات کے چھڑکاؤ کو یقینی بنانا شہریوں کی صحت کے لئے مضر ہوسکتا ہے اسی لئے جی ایچ ایم سی ماہرین کے مشورہ کے مطابق ہی ادویات کے چھڑکاؤ کے اقدامات کرتی ہے۔
