ڈینگو کو آروگیہ شری کے تحت شامل کرنے کانگریس رکن اسمبلی کی اپیل

,

   

غریبوں کو مفت علاج ضروری، کینسر کیلئے بھی علاج کی سہولتوں کا مطالبہ: جگا ریڈی
حیدرآباد۔/21نومبر، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی جگا ریڈی نے ڈینگو کے پھیلاؤ اور اموات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ آروگیہ شری اسکیم کے تحت ڈینگو کو شامل کرکے مریضوںکا مفت علاج کیا جائے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے جگا ریڈی نے کہا کہ ڈینگو اور کینسر جیسے امراض پر لاکھوں روپئے خرچ ہورہے ہیں اور غریب و متوسط طبقات مریضوں کے علاج سے قاصر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کو ان امراض سے نجات دلانے حکومت کو آروگیہ شری کے تحت دونوں امراض کو شامل کرکے مفت علاج کی سہولت فراہم کرنی چاہیئے۔ جگا ریڈی نے کہا کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران وہ اس بات کا مشاہدہ کررہے ہیں کہ وبائی امراض بالخصوص ڈینگو کے پھیلاؤ سے اموات واقع ہورہی ہیں۔ ڈینگو کیلئے کم از کم ایک لاکھ روپئے ہاسپٹلس میں خرچ ہورہے ہیں اور غریبوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ ہر گھر میں ڈینگو کے
کئی مریض ہیں ایسے میں غریب افراد لاکھوں روپئے کا انتظام کہاں سے کر پائیں گے ۔ حکومت کو چاہیئے کہ وہ آروگیہ شری کے تحت ڈینگو کو شامل کرکے مفت علاج کا انتظام کرے ۔ انہوں نے کہا کہ امراض سے عوام کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کینسر بھی تیزی سے پھیل رہا ہے جسکے علاج کیلئے 20 لاکھ روپئے تک خرچ آتا ہے۔ وہ چیف منسٹر کو مکتوب روانہ کرکے کینسر کو آروگیہ شری کے تحت شامل کرنے درخواست کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وبائی امراض کے پھیلاؤ کو دیکھتے ہوئے یہ طئے کرنا مشکل ہے کہ ریاست میں محکمہ صحت کا وجود ہے یا نہیں۔ محکمہ صحت وبائی امراض پر قابو پانے میں ناکام ہوچکا ہے۔ جگاریڈی نے کہا کہ اگر ڈینگو کے سلسلہ میں حکومت اقدامات نہ کرے تو کانگریس ریاستی سطح پر احتجاج کریگی۔ جگار یڈی نے چنا جیر سوامی سے اپیل کی کہ وہ انکے بھکتوں کے عطیات پر مشتمل ٹرسٹ قائم کریں جس کے ذریعہ ڈینگو اور کینسر کے مریضوں کے علاج میں مدد کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جگن ، کے سی آر اور دیگر اہم شخصیتیں چنا جیر سوامی کے درشن کرتے ہوئے آشیرواد حاصل کرتے ہیں لہذا عوام کی بھلائی کیلئے انہیں ٹرسٹ قائم کرنا چاہیئے۔ اس سلسلہ میں چنا جیر سوامی کو جگا ریڈی مکتوب روانہ کریں گے۔