حیدرآباد ۔ 3 جون (سیاست نیوز) ریاست میں ڈینگو کے کیسیس میں ہورہے اضافہ کے ساتھ بلڈ پلیٹلیٹس کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے۔ حیدرآباد بلڈ ڈونرس چلانے والے بی شراون نے کہا کہ گذشتہ ایک ہفتہ سے پلیٹ لیٹس کے ضرورتمند مریضوں کے کیسیس میں اچانک اضافہ ہوا ہے۔ جب اس کی وجہ دریافت کی گئی تو معلوم ہوا کہ ان میں زیادہ تر ڈینگو سے متاثر ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عام طور پر اس مانگ میں جون کے وسط سے جولائی کے اختتام تک اضافہ ہوتا ہے۔ تاہم اس سال 20 مئی سے ہی کیسیس شروع ہوگئے۔ شراون کو روزانہ 4 تا 5 کالس موصول ہورہے ہیں، جس میں پلیٹلیٹس کے انتظام کی درخواست کی جارہی ہے جس میں 20 تا 30 کالس تک اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ شراون نے کہا کہ چونکہ پلیٹلیٹ کا عطیہ وقت طلب ہوتا ہے اور شریان آسانی سے میل نہیں کھاتے اس لئے ہم کو اکثر اس طرح کے مریضوں کیلئے ڈونرس کا انتظام کرنے میں جدوجہد کرنی پڑتی ہے۔
؟