لیکن پاکستان ٹینس فیڈریشن کا مقام کی تبدیلی سے انکار
نئی دہلی۔ 11 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن سے ڈیوس کپ کا مقام پاکستان اور ہندوستان کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث کسی اور ملک منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ہندوستان کی جانب سے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے اقدام کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات کشیدہ ہوگئے ہیں۔ہندوستان کی جانب سے آرٹیکل 370 کے خاتمے کے بعد پاکستان نے ہندوستان کے ساتھ سفارتی تعلقات محدود، دوطرفہ تجارت معطل کرنے کے ساتھ سمجھوتہ اور تھر ایکسپریس سروس معطل کردی تھی۔اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ایشین اوشیانا گروپ1 کے ٹائی مقابلے اسلام آباد کے پاکستان اسپورٹس کمپلیکس میں 14 اور 15 ستمبر کو منعقد ہوں گے، جولائی میں ہندوستان نے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے کی تصدیق بھی کی تھی۔آل انڈیا ٹینس ایسوسی ایشن کے صدر پراوین مہاجن نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’ ہم نے آئی ٹی ایف سے میچ کیلئے غیر جانبدار مقام کا مطالبہ کیا ہے کیونکہ اس وقت صورتحال غیر متوقع ہے’۔انہوں نے کہا کہ ‘میرا ماننا ہے کہ موجودہ صورتحال کی وجہ سے یہ درخواست معقول ہے’۔پاکستان ٹینس فیڈریشن نے 14 اور 15 ستمبر ڈیوس کپ ایشیا گروپ ۔1 جو اسلام آباد میں منعقد ہوگا، تبدیلی سے انکار کردیا ہے۔ پی ٹی ایف چیف سلیم سیف اللہ نے کہا کہ اسلام آباد اسپورٹس کامپلیکس میں پوری طرح تیاریاں ہوچکی ہیں اور ہندوستان کیلئے کوئی معقول وجہ نہیں ہے کہ وہ پاکستان میں کھیلیں کیونکہ کھلاڑیوں کے مکمل حفاظتی انتظامات کئے جاچکے ہیں۔ جبکہ ہندوستانی فیڈریشن انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن سے درخواست کرے گی کہ وہ کوئی غیرجانبدارانہ ملک میں انعقاد پر زور دیں گے۔