نیویارک: شعبہ میڈیسن یا فزیالوجی کا امسالہ نوبل پرائز دو امریکی سائنسدانوں ڈیوڈ جولیئس اور اردم پاتاپوتیان کو دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ان دونوں نے انسانی بدن کے ٹیمپریچر کی مناسبت سے اہم سائنسی دریافتوں کو عام کیا تھا۔نوبل پرائز کمیٹی کے سیکرٹری جنرل تھوماس پیرلمین نے رواں برس کے دنیا میں معتبر ترین قرار دیے جانے والے نوبل انعامات کے پہلے پرائز کا اعلان کیا۔نوبل کمیٹی کے مطابق ڈیوڈ جولیئس اور اردم پاتاپوتیان کو درجہ حرارت اور لمس یا چھونے کے احساس کے لیے ذمے دار ریسیپٹرز کی دریافت پر یہ انعام دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ نوبل کمیٹی نے مزید کہا کہ ان دونوں نے حقیقت میں فطرت کے مخفی راز آشکار کیے ہیں اور ان سے انسانی بقا کو تحفظ حاصل ہوا۔ انہی دونوں سائنسدانوں کو گزشتہ برس ایک اور اہم پرائز کاولی انعام برائے نیورو سائنسز سے نوازا گیا تھا۔نوبل انعام کمیٹی کے مطابق 65 سالہ ڈیوڈ جولیئس نے مرچ کے ایک جزو کو تلاش کر کے انسانی اعصابی نظام میں موجود حرارت سے جسم کے اندرونی درجہ حرارت کے بارے میں بنیادی معلومات ظاہر کیں۔کیلیفورنیا یونیورسٹی کے برکلے کیمپس سے تعلق رکھنے امریکی سائنسدان ڈیوڈ جولیئس کو 2010 میں لائف سائنسز کا شاء پرائز بھی دیا جا چکا ہے۔