سڈنی: ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان لندن کے ’دی اوول‘ میدان میں عالمی ٹسٹ چمپئن شپ کا فائنل شروع ہونے میں اب چند روز باقی رہ گئے ہیں۔ اس درمیان آسٹریلیا کے نامور بیاٹر ڈیوڈ وارنر نے ٹسٹ کرکٹ کو جلد الوداع کہنے کا ارادہ ظاہر کر دیا ہے۔ وارنر نے بتایا ہے کہ وہ آئندہ سال جنوری میں ٹسٹ کرکٹ سے وداع لینے کو تیار ہیں۔ وہ سڈنی میں جنوری 2024 میں پاکستان کے خلاف ٹسٹ میچ کے ساتھ اس فارمٹ میں اپنا کیریر ختم کرنا چاہیں گے۔ کرکٹ آسٹریلیا جب ڈبلیو ٹی سی فائنل کیلئے ٹیم کا انتخاب کر رہی تھی تو فکرمند تھی کہ وارنر کا انتخاب کیا جائے یا نہیں۔ لیکن وارنر کو نہ صرف ڈبلیو ٹی سی فائنل کیلئے بلکہ اس کے بعد انگلینڈ کے خلاف ایشیز سیریز کیلئے بھی ٹیم میں شامل کر لیا گیا۔