بنگلور۔26 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) وجے ہزارے ٹرافی میں کئی نوجوان کھلاڑیوں نے زبردست مظاہرہ کیا، جس میں سے ایک کیرلا کے نوجوان بیٹسمین وشنوونود ہیں۔ کیرلا کی ٹیم اس ٹورنمنٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنانے میں ناکام رہی، لیکن اس کے بیٹسمین وشنو ونود نے بولروںکی جم کرخبرلی۔ وشنوونود نے اس ٹورنمنٹ میں 8 اننگز کھیلی اور 508 رنز بنائے اور انکا اوسط 63.50 رہا۔ وشنو ونود نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ ان کی اچھی کارکردگی کے پیچھے اے بی ڈیویلیئرس ہیں۔ اے بی ڈیویلیئرس نے آئی پی ایل کے دوران مجھے پرسکون رہنے کے طریقے بتائے، جس کے بعد ان کے کھیلنے کا اندازبدل گیا۔ وشنوونود نے وجے ہزارے ٹرافی میں 29 چھکے لگائے۔ وشنو ونود نے کہا اے بی ڈیویلیئرس نے انہیں آئی پی ایل 2017 کے دوران صحیح سانس لینے اورچھوڑنے کی بات کہی، جس سے ان کا دل خاموش ہوسکے اوروہ صحیح سوچ سکیں۔ وشنو ونود نے کہا میں نے ویراٹ کوہلی اوراے بی ڈیویلیئرس کو ٹی 20 میچ سے پہلے پریکٹس کرتے ہوئے دیکھا ہے، وہ کبھی بڑے شاٹ کھیلنے کی کوشش نہیں کرتے۔ وہ اس طرح کے شاٹ کھیلتے ہیں، جیسے کہ ٹسٹ میچ کے لئے تیاری کررہے ہوں۔ وجے ہزارے ٹرافی میں وشنوونود نے دھمال مچایا۔ وہ ٹورنمنٹ میں سب سے زیادہ 29 چھکے لگانے والے بیٹسمین ہیں۔ چھتیس گڑھ کے خلاف تووشنو ونود نے طوفانی سنچری لگاتے ہوئے 11 چھکے لگا ئے۔ واضح رہے کہ وشنو ونود نے وجے ہزارے ٹرافی میں تین سنچریاں بنائیں۔ وشنو ونود کوایک ٹی 20 بیٹسمین مانا جاتا تھا، لیکن اب انہوں نے ثابت کردیا ہے کہ وہ تینوں فارمیٹ میں رنز بنا سکتے ہیں۔ وشنوونود نے سال17-2016 میں رانجی ٹرافی کرئیر کا آغاز کیا اورگزشتہ سال انہوں نے مدھیہ پردیش کے خلاف 193 رنز بنا ئے۔