نئی دہلی، 19 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکا کو 1996 میں عالمی چمپئن بنانے والے کوچ ڈیو واٹمور بڑودہ کرکٹ رنجی ٹیم کے ڈائریکٹر بن گئے ہیں۔1996 ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم سری لنکا کے کوچ رہ چکے واٹمور کیرل ٹیم سے جڑے تھے اور ان کے رہتے کیرل نے 2018-19 رنجی ٹرافی میں پہلی بار سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی۔لیکن 2019-20 سیزن میں کیرل کی خراب کارکردگی کے بعد انہوں نے ٹیم سے اپنی راہیں جدا کر لی تھیں۔واٹمور نے میلبورن سے کرک انفو سے کہا کہ میں سینئر ٹیم کا کوچ رہ چکا ہوں لیکن ساتھ ہی میں مقامی کوچز کے ساتھ انڈر -19 اور انڈر -23 جیسی ٹیموں کے ساتھ بھی جڑنا چاہتا ہوں۔اس لئے میں نے بڑودہ کے ساتھ دو سال کا معاہدہ کیا ہے ۔کیرل 2019-20 رنجی ٹرافی میں 18 ٹیموں میں 17 ویں نمبر پر رہی تھی اور وہ ون ڈے چمپئن شپ کے ناک آؤٹ میں بھی داخل ہونے میں ناکام رہی تھی۔واٹمور نے کہا کہ میں نئی ٹیم کے ساتھ جڑا ہوں اور ان کی مدد کرنا چاہتا ہوں۔ میری تین دیگر ٹیموں کے ساتھ بھی بات چیت چل رہی تھی لیکن میرے ویزا کی میعاد ختم ہونے والی تھی۔اس دوران کورونا کی وجہ سے لاگو سفر کی پابندی کی وجہ سے مجھے آسٹریلیا جانا پڑا۔انہوں نے کہا کہ میں نے آسٹریلیا جانے سے پہلے منیجر رکھا جس نے بڑودہ کے ساتھ معاہدہ کرنے میں میری مدد کی۔کورونا کے اثرات ختم ہونے کے بعد جب میں ہندستان آؤں گا تو سال میں نو ماہ بڑودہ میں رہنے کی کوشش کروں گا۔بڑودہ کی رنجی کے گزشتہ سیزن میں کارکردگی کچھ خاص نہیں رہی تھی اور اس نے آٹھ میچوں میں صرف دو کامیابی حاصل کی تھیں ۔اگرچہ واٹمور ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ کام کرنے کے لئے حوصلہ افزا ہیں اور ان کا خیال ہے کہ ہردک اور کرونل پانڈیا کے ٹیم میں شامل رہنے سے ٹیم کو مضبوطی ملے گی۔