ڈیٹنگ ایپ پر دوستی اور اجنبی پر بھروسہ نوجوانوں کیلئے وبال جان

   

ویڈیو کالنگ کے بعد چھیڑ چھاڑ اور فحش ویڈیو ، دھمکاکر رقم لوٹنے کاواقعہ

حیدرآباد ۔ 20 اگسٹ ۔ ( سیاست نیوز) ڈیٹنگ ایپ پر دوستی اور اجنبی پر بھروسہ ایک نوجوان کیلئے وبال جان بن گیا جہاں ویڈیو کالنگ کے نام پر نوجوان کو دھمکانے اور رقم لوٹنے کاواقعہ پیش آیا۔ دھوکہ دہی کا شکار نوجوان کا تعلق مہدی پٹنم سے بتایا گیاہے جو صرف لڑکی کے نام سے واقف تھا ۔ نہ اُس کی صورت شکل دیکھی تھی اور نہ ہی اُس سے ملاقات کی تھی ، لڑکی کی خواہش پر ایک ویڈیو کال کافی مہنگا ثابت ہوا ۔ نوجوان کی عزت کو داؤ پر لگاتے ہوئے ایک لاکھ (80) ہزار روپئے لوٹ لئے گئے۔ شکایت گذار نوجوان کی ڈیٹنگ ایپ پر شیوانی سے ملاقات ہوئی تھی ۔ پولیس کاکہنا ہے کہ ’’شیوانی ‘‘ سائبر مجرموں کامہرہ ہوتا ہے جس میں لڑکی کا نام اور لڑکی کی شناخت ظاہر کرتے ہوئے لڑکی کے انداز میں بات چیت کی جاتی ہے ۔ اس نوجوان کے ساتھ بھی کچھ اس طرح کے حربے استعمال کئے گئے ۔ رات دیر گئے شیوانی نے نوجوان سے خواہش کی کہ وہ ویڈیو کال کرے جس کے بعد نوجوان نے جیسے ہی اپنا چہرہ دکھایا اس سے چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے اُس کا ایک فحش ویڈیو تیار کرلیا گیا اور نوجوان کو روآنہ کرتے ہوئے دوست احباب اور سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کی دھمکیاں دیتے ہوئے بلیک میل کیا اور رقم لوٹ لی گئی ۔ سائبر کرائم پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔ ع
اندرون ہفتہ سائبر کرائم کے چھ مقدمات کی یکسوئی
حیدرآباد ۔ 20 ۔ اگست (سیاست نیوز) سائبر کرائم پولیس سائبر آباد نے اندرون ایک ہفتہ 6 مقدمات کی یکسوئی کرتے ہوئے 13 افراد کو گرفتار کرلیا ۔ ایک ہفتہ کے دوران سائبر کرائم پولیس نے مختلف ریاستوں میں کارروائی کو انجام دیا ۔ ٹریڈنگ اور پارٹ ٹائم جاب دھوکہ دہی پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے 13 دھوکہ بازوں کو گرفتار کیا ۔ ٹریڈنگ فراڈ کے 5 اور پارٹ ٹائم جاب فراڈ کا ایک مقدمہ کی یکسوئی کرلی گئی ۔ سائبر کرائم پولیس نے ٹریڈنگ فراڈ میں 9 اور پارٹ ٹائم جاب فراڈ میں 4 دھوکہ باموں کو گرفتار کرلیا ۔ سائبر کرائم پولیس نے عدالتی احکامات کی تعمیل کرتے ہوئے 53,47,412 روپئے متاثرین میں واپس کردیئے۔ع