جعلی ویڈیو دیکھ کر بنگلورو کی 54 سالہ خاتون کو شدید مالی دھوکہ
نئی دہلی ۔ 10 ڈسمبر (ایجنسیز) بنگلورو کی ایک 54 سالہ خاتون کو اْس وقت شدید مالی نقصان اٹھانا پڑا جب انہوں نے فیس بک پر وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کی ایک ایسی ویڈیو دیکھی جو بظاہر ایک ٹریڈنگ پلیٹ فارم کی تعریف کرتی نظر آ رہی تھی۔ بعد میں پتہ چلا کہ یہ ویڈیو ڈیپ فیک ٹیکنالوجی سے بنائی گئی تھی، مگر تب تک خاتون اس کے جھانسے میں آ چکی تھیں۔ڈیپ فیک ویڈیو پر یقین کرتے ہوئے خاتون نے ٹریڈنگ پلیٹ فارم میں اکاؤنٹ بنایا، اپنا بینک ڈیٹا اور KYC تفصیلات جمع کرائیں اور پھر انہیں مسلسل مختلف ادائیگیاں کرنے پر مجبور کیا گیا۔ خاتون کے مطابق رجسٹریشن کے فوراً بعد انہیں ایک واٹس ایپ گروپ میں شامل کیا گیا جہاں پہلا مطالبہ 21 ہزار روپے کے “ٹریڈنگ اسٹارٹ اپ’’ کے طور پر کیا گیا۔خاتون کو ایک شخص کے فون موصول ہونے لگے جو خود کو “ورنیکا ریڈی، سینئر فنانس ایڈوائزر، ناکا سولیوشن لمیٹڈ’’ بتاتی تھی۔ اس مشیر نے دعویٰ کیا کہ خاتون نے 88,000 ڈالر منافع کمایا ہے، لیکن رقم نکلوانے سے پہلے انہیں کئی قسم کے ٹیکس ادا کرنا ہوں گے، جیسے سیکیورٹیز ٹرانزیکشن ٹیکس،ون ٹائم ٹیکس،فیما (FEMA) ٹیکس،اٹامک والیٹ فیس،خاتون نے بتایا کہ ای میلز ایسی تھیں جیسے ریزرو بینک آف انڈیا یا کسی معروف بینک سے بھیجی گئی ہوں، جس نے ان کے اعتماد میں اضافہ کیا۔اکتوبر سے دسمبر کے درمیان خاتون نے مختلف بینکوں کے ذریعے 9 ٹرانزیکشنز میں کل 33,25,413 روپے چھ مختلف مرچنٹ اکاؤنٹس میں منتقل کیے۔ بعد میں انہیں شک ہوا اور جب حقیقت سامنے آئی تو فوراً پولیس سے رابطہ کیا۔خاتون کی شکایت درج ہونے کے باوجود وہی واٹس ایپ گروپ اب بھی چل رہا ہے جو اس فراڈ میں استعمال ہوا تھا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے جس میں آئی ٹی ایکٹ اور بی این ایس کی دفعہ 318 (چیٹنگ) شامل ہے۔
