ڈیکاک کو آرام ، ملّر ٹی20 ٹیم میں شامل

   

جوہانسبرگ : جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر بیٹسمین کوئنٹن ڈیکاک کو دورۂ سری لنکا کے لئے آرام دیا گیا ہے جبکہ ڈیوڈ ملّر کو ٹی 20 ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ کرکٹ ساؤتھ افریقہ (سی ایس اے) نے آج کہا ہے کہ سری لنکا کے دورے کے لئے معلنہ ٹیم میں سابق کپتان اور وکٹ کیپر بیٹسمین ڈیکاک کو آرام دیا گیا ہے۔ سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے درمیان 3 مقابلوں کی ونڈے سیریز کا 2 سپٹمبر کو آغاز ہوگا جس کے بعد 3 مقابلوں کی ٹی 20 سیریز کھیلی جائے گی۔ اس سیریز کا 10 سپٹمبر کو آغاز ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اس مکمل سیریز کے تمام مقابلے پریما داسا انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کولمبو میں ہوں گے۔ ملّر جو اِس وقت عضلات کے جکڑن کی تکلیف سے صحتیاب ہورہے ہیں کیوں کہ وہ آئرلینڈ کے خلاف سیریز کے دوران زخمی ہوئے تھے۔ علاوہ ازیں ڈیون پریٹوریس نے جنوبی افریقہ کی دونوں طرز کی ٹیم میں واپسی کی ہے جوکہ ویسٹ انڈیز اور آئرلینڈ کے دورہ کے موقع پر کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے۔ علاوہ ازیں مگالا جوکہ ویسٹ انڈیز کے دورے سے ٹخنے کے زخم کی وجہ سے جلد وطن لوٹ گئے تھے انھیں اب سری لنکا کے دورہ کے لئے معلنہ افریقی ٹی 20 ٹیم میں شامل کیا گیا ہے نیز فاسٹ بولر جونیر ڈالا کو بھی پہلی مرتبہ ونڈے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ لنگی نگیڈی شخصی وجوہات کی وجہ سے ونڈے سیریز میں ٹیم کی نمائندگی نہیں کرپائیں گے۔ جنوبی افریقہ نے عالمی چمپئن ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی 20 سیریز میں 3-2 کی کامیابی حاصل کی تھی جس کے بعد آئرلینڈ کا دورہ کرتے ہوئے اِس نے میزبان ٹیم کے خلاف 3-0 کی کامیابی حاصل کی۔ افریقہ کی ونڈے اور ٹی 20 سیریز کی قیادت ٹمباؤما کریں گے۔