ڈیکسامتیھاسون سے کورونا کے مریضوں کے علاج کی اجازت

,

   

ریاض۔18جون (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کی وزارتِ صحت نے کورونا کے مریضوں کے علاج کے پروٹوکول میں اسٹرائیڈ ڈیکسامتیھاسون دوا کو شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ دوا دواخانوں میں زیر علاج ان مریضوں کو دی جائے گی جنھیں آکسیجن کی ضرورت ہے اور وہ انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں ہیں۔ ڈیکسا میتھاسون 1960ء کے دہے سے جوڑوں کے درد اورسوجن کا شکار مریضوں کو دی جارہی ہے۔برطانوی محققین کے حال ہی میں شائع شدہ ایک مطالعے کے مطابق اس کے استعمال سے کووِڈ19 کے ان مریضوں کی موت کے امکانات میں کمی واقع ہوئی ہے جو35 فی صد تک وینٹی لیٹرز پر تھے۔ کووِڈ19 کے ایسے مریض جو آکسیجن پر تھے لیکن وینٹی لیٹرز پر نہیں تھے،ان میں تقریباً 20 فی صد تک شرح اموات میں کمی واقع ہوئی ہے۔عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا ہے کہ وہ کووِڈ19 کے علاج کے لیے اپنی رہنمایانہ ہدایات پر نظرثانی کررہا ہے اور وہ آکسفورڈ یونیورسٹی کے محققین کی ابتدائی جانچ کے نتائج کو شامل کررہا ہے۔ دریں اثناء برطانیہ نے اپنے ادویہ کے ذخائر میں ڈیکسامیتھاسون کے نسخوں کی تعداد میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔برطانوی وزیر صحت میٹ ہینکوک نے پارلیمنٹ سے کہا ہے کہ دنیا میں یہ پہلا موقع ہے اورکلنیکی لحاظ سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ ایک دوا سے کورونا کے شدید علیل مریضوں کی زندگیوں کے امکانات میں اضافہ ہوا ہے۔