حیدرآباد۔ ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن ( ڈی آر ڈی او ) نے آج اپنے نئے آکاش ( آکاش ۔این جی ) میزائیل کا انٹیگریٹیڈ ٹسٹ رینج چاندی پور سے کامیاب تجربہ کیا۔ اس میزائیل کو ساحل اوڈیشہ پر 1145 بجے کامیابی سے داغا گیا ۔ گذشتہ تین دن کے دوران یہ دوسرا کامیاب تجربہ رہا ۔ یہ میزائیل فضائی خطروں سے نمٹنے میں معاون ثابت ہوگا اور انتہائی تیز رفتار حملوں کو بھی روک سکتا ہے ۔ انڈین ائر فورس کی فضائی دفاع کی صلاحیتوں میںاس میزائیل سے اضافہ ہوگا ۔ یہ میزائیل کا ایک غیر معلنہ فضائی نشانہ کو ذہن میں رکھتے ہوئے تجربہ کیا تھا اور اس میزائیل نے اس پر کامیاب وار بھی کیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ یہ میزائیل دشمن کے طیاروں ‘ راکٹس اور میزائیل وغیرہ کو روکنے اور انہیں نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ 21 جولائی 2021 کو بھی اس میزائیل کا کسی مشن ٹارگٹ کے بغیر تجربہ کیا گیا تھا اور یہ تجربہ بھی کامیاب رہا تھا ۔مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اس میزائیل کے کامیاب تجربہ پر ڈی آر ڈی او ‘ انڈین ائر فورس اور صنعتی حلقوں کو مبارکباد پیش کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس میزائیل کی تیاری سے ہندوستان کی دفاعی صلاحیتوں میںاضافہ ہوگا ۔