نئی دہلی: ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن(ڈی آر ڈی او) نے فضائیہ کے جنگی طیاروں کو دشمن کے راڈارکی پکڑ سے بچانے کے لئے ایک جدید ٹکنالوجی تیار کی ہے ۔ڈی آر ڈی او کی جودھپور میں واقع لیباریٹری نے پنے میں واقع تنظیم کی لیباریٹری ہائی انرجی میٹریل ریسرچ لیباریٹری کے ساتھ مل کر یہ ٹکنالوجی تیار کی ہے ۔اس ٹکنالوجی کے کامیاب تجربات کے بعد فضائیہ نے اسے اپنے بیڑے میں شامل کرنا شروع کردیا ہے ۔وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے اس کامیابی کے لئے ڈی آر ڈی، فضائیہ اور متعلقہ صنعت کو مبارکبا ددی ہے اور کہاکہ یہ خودکفیل ہندستان کی سمت میں ایک قدم ہے ۔موجودہ دور کی ٹکنالوجی پر مبنی لڑائی میں جنگی طیارہ کو دشمن کی راڈار کی پکڑ سے بچانا تشویش کا اہم موضوع ہے ۔ اس لئے اس جدید ٹکنالوجی کو کافی اہم سمجھا جارہا ہے ۔ اس کے تحت ہوا میں بھوسے کی مدد سے میزائل کو الجھا کر طیارہ کو بچایاجاسکتا ہے ۔