ڈی ایس سی اردو میڈیم کی مخلوعہ نشستوں پر تقررات کئے جائیں

   

کمشنر اسکول ایجوکیشن سے صدر ٹمریز فہیم الدین قریشی کی نمائندگی
حیدرآباد۔/23 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی کے نائب صدرنشین وصدر محمد فہیم الدین قریشی نے کمشنر اسکول ایجوکیشن نرسمہا ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے ڈی ایس سی 2008 کی مخلوعہ اردو میڈیم نشستوں کو پُر کرنے کی نمائندگی کی۔ فہیم قریشی نے کمشنر اسکول ایجوکیشن کو بتایا کہ ڈی ایس سی 2008 کے تحت اردو میڈیم کی جائیدادوں میں تحفظات کے سبب امیدوار نہ ملنے سے جائیدادیں پُر ہونے سے رہ گئیں لہذا مخلوعہ جائیدادوں کو ڈی روسٹر کرتے ہوئے اردو میڈیم امیدواروں کے تقررات کو یقینی بنایا جائے۔ اردو میڈیم ڈی ایس سی امیدواروں کی جانب سے اس سلسلہ میں نمائندگی کی گئی کہ تحفظات کے سبب اردو میڈیم کی جائیدادیں مخلوعہ ہیں۔ فہیم قریشی نے کہا کہ ڈی ایس سی 2008 اردو میڈیم کی جائیدادوں کو روسٹر تحفظات سے مستثنیٰ قرار دیتے ہوئے عام زمرہ کے تحت انہیں شامل کیا جائے تاکہ اردو میڈیم کی تمام مخلوعہ جائیدادوں کو پُر کیا جاسکے۔ کئی اہل امیدوار گذشتہ کئی برسوں سے تقررات کے انتظار میں ہیں۔ 1
فہیم قریشی نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اس مسئلہ کا جائزہ لیتے ہوئے ڈی ایس سی امیدواروں کے ساتھ انصاف کرنے کی اپیل کی۔ کمشنر اسکول ایجوکیشن نے اس مسئلہ کا جائزہ لینے کا تیقن دیا۔1