سرٹیفکٹ کی جانچ 5 اکتوبر تک مکمل کرنے ضلع کلکٹرس کو چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ہدایت
حیدرآباد ۔3۔ اکتوبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اعلان کیا کہ ڈی ایس سی کامیاب امیدواروں کے تقررات کا عمل دسہرہ سے قبل مکمل کرلیا جائے گا۔ تلنگانہ سکریٹریٹ سے ضلع کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس میں چیف منسٹر نے کلکٹرس سے کہا کہ ڈی ایس سی میں کامیاب امیدواروں کے سرٹیفکٹس کی جانچ کا عمل 5 اکتوبر سے قبل مکمل کرلیا جائے ۔ حکومت دسہرہ تہوار سے قبل تقررات کا منصوبہ رکھتی ہے۔ ریاست میں جملہ 11062 امیدوار ڈی ایس سی کے تحت منتخب ہوئے ہیں۔کلکٹرس نے بتایا کہ تاحال 9090 منتخب امیدواروں کے اسنادات کی جانچ مکمل ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منتخب امیدواروں کو 9 اکتوبر کو احکامات تقرر حوالے کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر نے دیہی غربت کے خاتمہ سے متعلق اندرا کرانتی پتھم اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں 7000 آئی کے پی مراکز ہیں جہاں بھی ضرورت ہو نئے مراکز قائم کئے جائیں تاکہ دیہی نوجوانوں کو پیشہ ورانہ کورسس میں تربیت دی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسانوں سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں سنجیدہ ہے۔ باریک چاول کیلئے فی کنٹل 500 روپئے بونس دیا جائیگا ۔ انہوں نے کلکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ قرض معافی اسکیم اور بونس کی ادائیگی پر توجہ مرکوز کریں۔ انہوں نے کہا کہ چاول کی خریدی مراکز پر تھیلوں کی کوئی قلت نہیں ہونی چاہئے ۔ دھان کی خریدی مراکز کا شخصی طورپر جائزہ لینے کی ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی گئی ہے ۔ خریدی کے فوری بعد دھان کو منتقل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آئی کے پی مراکز میں دھان کی حفاظت کے انتظامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کلکٹرس کی ذمہ داری ہے کہ وہ روزانہ دو گھنٹے دھان کی خریدی کا جائزہ لیں ۔ انہوں نے کسانوں کی سہولت کیلئے کال سنٹرس کے قیام کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ پڑوسی علاقوں سے دھان کی غیر قانونی منتقلی کو روکنے کے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سرحدی علاقوں میں دھان کی منتقلی روکنے کیلئے سخت نگرانی کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ کسانوں کو باریک چاول کی کاشت کی ترغیب دی جائے تاکہ انہیں فصل کے نقصانات سے بچایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات کی اطلاعات کو ملحوظ رکھتے ہوئے آئی کے پی سنٹرس قائم کئے جائیں۔ 1