حیدرآباد ۔ 30 ۔ جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے ڈسٹرکٹ سلیکشن کمیٹی (DSC) 2003 کے تحت تقرر کئے گئے ٹیچرس کو اولڈ پنشن اسکیم کا اہل قرار دیا ہے۔ جسٹس ناگیش بھیماپاکا نے ڈی ایس سی 2003 کے منتخب ٹیچرس کی جانب سے دائر کی گئی درخواستوں کی سماعت کی ۔ یکم ستمبر 2004 سے عمل کی جارہی نئی پنشن اسکیم کے دائرہ کار میں شامل کرنے پر درخواست گزاروں نے اعتراض جتایا۔ نئی پنشن اسکیم میں ٹیچرس کی شراکت کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ درخواست گزاروں کے وکلاء نے کہا کہ ڈی ایس سی 2003 کا نوٹیفکیشن نومبر 2003 میں جاری کیا گیا تاکہ اساتذہ کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں۔ جون 2004 میں اساتذہ کے تقررات کا عمل مکمل کرلیا گیا ، وکلاء نے بتایا کہ نئی پنشن اسکیم CPS کے نافذ ہونے سے قبل تقررات مکمل کرلئے گئے تھے جبکہ احکامات تقرر نومبر 2005 میں حوالے کئے گئے ۔ انتظامی دشواریوں کے سبب احکامات تقرر میں تاخیر ہوئی ہے ۔ تقرر کی تاریخ کی بنیاد پر انہیں نئی پنشن اسکیم میں شامل کردیا گیا۔ سینئر کونسل ایل روی چندر نے عدالت کو بتایا کہ احکامات تقرر کی اجرائی میں تاخیر انتظامی معاملہ ہے اور اس سے ٹیچرس نئی اسکیم کے لئے اہل نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سلیکشن کے پراسیس کے آغاز سے تکمیل تک اولڈ پنشن اسکیم نافذ رہی ،لہذا انہیں نئی اسکیم کے دائرہ میں شامل نہیں کیا جاسکتا۔ جسٹس بھیما پاکا نے درخواست گزاروں کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے حکومت کو ہدایت دی کہ درخواست گزاروں کو اولڈ پنشن اسکیم اختیار کرنے کی اجازت دی جائے۔1