پڈوچیری : پڈوچیری میں ڈی ایم کے کے کنوینر اور اپوزیشن لیڈر شیوا نے اتوار کو متنبہ کیا کہ اسمبلی اسپیکر بی جے پی کارکن کے طور پر خود کو پیش کریں گے ، تو ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائی جائے گی ۔ شیوا نے پارٹی کی میٹنگ میں کہا کہ اسمبلی کے اسپیکر کو غیر جانبدار اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنا چاہیے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پڈوچیری اسمبلی کے اسپیکر آر سیلوم خود کو ایک بی جے پی کارکن کے طور پر پیش کررہے ہیں اور بی جے پی کی تمام میٹنگوں میں حصہ لے رہے ہیں ۔ یہ جمہوریت کے خلاف اور قابل مذمت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے لیے پارٹی امیدواروں کے انتخاب کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی اور کمیٹی کی سفارش پر امیدوار کے ناموں کا اعلان کیا جائے گا اور اس میں کوئی اختلاف نہیں ہونا چاہیے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ یہ رنگاسوامی حکومت نہیں ہے بلکہ بی جے پی بنام سرکار کام کر رہی ہے ۔ ہر روز مرکزی وزراء یا بی جے پی کے عہدیدار خصوصی کمیٹیوں سے ملاقات کے لیے پڈوچیری جاتے ہیں۔