ڈی ایم کے ہمیشہ مسلمانوں کے ساتھ کھڑی رہے گی: اسٹالن

   

چیف منسٹر ٹاملناڈو کی عید میلادالنبیؐ تقریب میں شرکت‘پیغمبر اسلام ؐکی تعلیمات کی ستائش

چینائی ۔22؍ستمبرت( ایجنسیز) چیف منسٹر ٹاملناڈو ایم کے اسٹالن نے عیدمیلادالنبیؐ کی مناسبت سے تھروورور میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کی۔اس دوران اپنے خطاب میں انھوں نے پیغمبر اسلام ؐکی تعلیمات کی ستائش کی۔اسٹالن نے کہا کہ پیغمبراسلام نے دنیا کو محبت اور امن کا پیغام دیا اور ان کی تعلیمات کو اپنا کر عالمی امن قائم کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کی پارٹی ڈی ایم کے ہمیشہ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی رہے گی اور ان کے مفادات کا تحفظ کرے گی۔اسٹالن نے کہا کہ ڈی ایم کے، کے بانی سی این انّادورائی اور پارٹی کے سرپرست آنجہانی ایم کروناندھی پہلی بار تروورور میں عیدمیلاد النبیﷺ کے ایک پروگرام میں ملے تھے اور دونوں لیڈروں کے بیچ تعلقات کا فروغ ٹاملناڈو کی ترقی کی بنیاد بنا۔اسٹالن نے کہا کہ ان کی پارٹی ہمیشہ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی رہے گی۔اپوزیشن پارٹیوں نے ان کے اس بیان کو مذہب کی بنیاد پرپولرائز کرنے کی کوشش قرار دیا۔ٰ اسٹالن کے اس بیان پر ٹاملناڈو کی سیاست میں ہلچل مچی ہے اپوزیشن جماعتوں، خاص طور پر بی جے پی اور اے آئی اے ڈی ایم کے نے اسٹالن کے بیان کو ووٹ بینک کی سیاست قراردیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اسٹالن کا بیان معاشرے کو مذہبی خطوط پر منقسم کرنے کی کوشش ہے۔ ڈی ایم کے نے ہمیشہ منہ بھرائی کی سیاست کی ہے اور یہ بیان اس کی ایک مثال ہے۔ پارٹی نے یہ بھی الزام لگایا کہ ڈی ایم کے اقلیتوں کو صرف ووٹ بینک کے طور پر دیکھتی ہے اور ان کی فلاح و بہبود کیلئے کوئی ٹھوس پالیسی نافذ نہیں کرتی ہے۔