ڈی جی پیز سے متعلق حکمنامہ کیخلاف ریاستوں کی عرضی خارج

   

نئی دہلی ۔16جنوری۔( سیاست ڈاٹ کام ) سپریم کورٹ نے آج پانچ ریاستوں کی وہ عرضی خارج کردی جو ڈائرکٹر جنرلس آف پولیس ( ڈی جی پیز ) کے انتخاب اور تقرر کے بارے میں گزشتہ سال جاری کردہ اُس کے حکم نامہ میں ترمیم کی استدعا کے ساتھ داخل کی گئی تھی ۔ فاضل عدالت نے مختلف ریاستی حکومتوں بشمول پنجاب ، کیرالا ، مغربی بنگال ، ہریانہ اور بہار کی درخواستوں کی سماعت کی ۔ ان ریاستوں نے ڈی جی پیز کے سلیکشن اور تقرر کے تعلق سے اپنے ریاستی قوانین پر عمل کرنے کی اجازت چاہی تھی ۔ چیف جسٹس رنجن گوگوئی کی سربراہی والی بنچ نے کہاکہ ڈی جی پیز کے سلیکشن اور تقرر کے بارے میں عدالت کی قبل ازیں جاری کردہ ہدایت عظیم تر عوامی مفاد میں ہے اور اس سے پولیس عہدیداروں کا سیاسی مداخلت سے تحفظ ہوگا۔ گزشتہ سال 12 ڈسمبر کو فاضل عدالت نے پنجاب اور ہریانہ کے موجودہ ڈی جی پیز کی میعادوں میں 31 جنوری تک توسیع کردی تھی اور تب اتفاق کیا تھا کہ وہ ریاستوں کی گذارش پر غور کریگی۔