مستقل ڈی جی پی کا تقرر چار ہفتے میں مکمل کرنے حکومت اور پبلک سرویس کمیشن کو ہدایت
حیدرآباد ۔9 ۔ جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے ڈائرکٹر جنرل پولیس شیودھر ریڈی کو بڑی راحت دی ہے ۔ تاہم عدالت نے مستقل ڈائرکٹر جنرل پولیس کے تقرر کا عمل چار ہفتے میں مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ جسٹس پی کارتک نے شیودھر ریڈی کے تقرر کو منسوخ کرنے سے متعلق داخل کی گئی درخواست کو مسترد کردیا۔ جسٹس کارتک نے اس معاملہ میں تفصیلی سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کردیا تھا جسے آج صادر کیا گیا ۔ درخواست گزار نے ڈائرکٹر جنرل پولیس کے تقرر میں سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کی شکایت کی تھی۔ جسٹس کارتک نے ریاستی حکومت اور یونین پبلک سرویس کمیشن کو ہدایت دی کہ مستقل ڈائرکٹر جنرل پولیس کے تقرر کا عمل چار ہفتے میں مکمل کیا جائے۔ عدالت نے تقرر کے عمل کے بارے میں جوابی حلفنامہ داخل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے 5 فروری کو آئندہ سماعت مقرر کی ہے۔ واضح رہے کہ ڈائرکٹر جنرل پولیس شیودھر ریڈی کے تقرر کو چیلنج کرتے ہوئے سماجی کارکن دھن پال نے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں تلنگانہ حکومت پر قواعد کی خلاف ورزی کی شکایت کی گئی ۔ درخواست گزار نے تقرر کے عمل کو منسوخ کرنے کی اپیل کی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ حکومت نے تین ماہ قبل ہی عہدیداروں کا پیانل پبلک سرویس کمیشن کو روانہ کردیا ہے ۔ تاہم پبلک سرویس کمیشن نے منظوری نہیں دی۔ ایڈوکیٹ جنرل سدرشن ریڈی نے پبلک سرویس کمیشن کو روانہ کردہ پیانل کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ کی ہدایت پر 31 ڈسمبر کو دوسری مرتبہ پیانل روانہ کیا گیا۔ سپریم کورٹ سے اجازت حاصل کرنے کیلئے پبلک سرویس کمیشن نے پیانل کو واپس بھیج دیا ہے۔ ایڈوکیٹ جنرل نے عدالت سے اپیل کی کہ تازہ پیانل پر غور کرنے کی پبلک سرویس کمیشن کو ہدایت دی جائے۔ پبلک سرویس کمیشن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مقررہ وقت پر عہدیداروں کا پیانل روانہ نہیں کیا گیا جس کے نتیجہ میں کمیشن نے واپس کردیا ہے ۔ فریقین کی سماعت کے بعد جسٹس کارتک نے پبلک سرویس کمیشن کو ہدایت دی کہ حکومت کی جانب سے روانہ کردہ پیانل کا جائزہ لیتے ہوئے فیصلہ کرے۔ عدالت نے چار ہفتے میں مستقل ڈائرکٹر جنرل پولیس کے تقرر کی ہدایت دیتے ہوئے آئندہ سماعت 5 فروری کو مقرر کی ہے۔ تلنگانہ ہائی کورٹ کے تازہ احکامات کے سبب موجودہ ڈائرکٹر جنرل پولیس کو بڑی راحت ملی ہے اور وہ اپنے عہدہ پر برقرار رہیں گے۔عدالت نے انچارج ڈی جی پی کے طور پر شیودھر ریڈی کی برقراری کی تائید کی اور آئندہ چار ہفتے میں مستقل ڈی جی پی کے تقرر کیلئے ریاستی حکومت اور یونین پبلک سرویس کمیشن کو ہدایت دی ہے۔ عدالت نے کہا کہ عہدیداروں کے پیانل کی روانگی سے لے کر تقرر تک کا عمل چار ہفتے میں مکمل کرلیا جائے۔عدالت نے آئندہ سماعت سے قبل نئے ڈی جی پی کے تقرر سے متعلق تفصیلات پر مبنی حلفنامہ داخل کرنے کی ہدایت دی۔1
