حیدرآباد۔ 15 مارچ (سیاست نیوز) یونین پبلک سرویس کمیشن نے تلنگانہ کے مستقل ڈرائرکٹر جنرل پولیس عہدہ کیلئے 3 سینئر آئی پی ایس عہدیداروں کے ناموں کی سفارش کی ہے۔ تلنگانہ حکومت سے روانہ کردہ ناموں کو شارٹ لسٹ کرکے کمیشن نے 3 عہدیداروں کے نام تلنگانہ حکومت کو روانہ کئے۔ توقع ہے کہ حکومت ان میں سے کسی عہدیدار کو ڈی جی پی مقرر کرنے کا جلد ہی فیصلہ کرے گی۔ پبلک سرویس کمیشن کی سلیکشن کمیٹی کا 11 مارچ کو نئی دہلی میں اجلاس ہوا جس میں تلنگانہ کے چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ شریک ہوئے ۔ اجلاس میں کمیشن صدر نشین مرکزی وزارت داخلہ کے سکریٹری اور وزارت داخلہ کے نامزد ارکان نے شرکت کی۔ کمیشن نے جن 3 ناموں کی سفارش کی ان میں 1991 بیاچ کے سینئر عہدیدار سی وی آنند، 1994 میاچ کے ونائیک پربھاکر آپٹے اور 1994 بیاچ کی سومیا مشرا شامل ہیں ۔ سی وی آنند فی الوقت اسپیشل چیف سکریٹری ہوم ہیں۔ پربھاکر آپٹے مرکز میں اسپیشل ڈائرکٹر انٹلی جنس بیورو اور سومیا مشرا ڈائرکٹر جنرل محابس ہیں۔ بتایا گیا کہ سی وی آنند ڈی جی پی کیلئے دعویداری میں آگے ہیں اور توقع ہے کہ حکومت ان کے نام کو منظوری دیگی۔ سابق میں وہ کمشنر پولیس حیدرآباد اور سائبر آباد کے علاوہ نکسلائٹس سے متاثرہ اضلاع ورنگل، عادل آباد اور نظام آباد میں کام کرچکے ہیں۔ وہ محکمہ سیول سپلائز، ایکسائز، اے سی بی ، سی آئی ایس ایف اور ایئرپورٹ سیکوریٹی میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔ 1