ایڈیشنل ایس پی ونود کمار کی اقلیتی کمیشن کے صدر نشین طارق انصاری سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 10 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ اقلیتی کمیشن کی اپیل پر ڈی جی پی تلنگانہ انجنی کمار نے مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مسلم ہاوز سرجن عرشیہ انجم کی ہماچل پردیش میں مشتبہ موت کی تحقیقات کرنے کے لیے سینئیر پولیس عہدیدار ایڈیشنل ایس پی ویمن سیفٹی ونگ ایس ونود کمار کو تحقیقات کرتے ہوئے تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ذمہ داری سونپی ہے ۔ جس کے بعد ایس ونود کمار نے آج تلنگانہ اقلیتی کمیشن کے دفتر پہونچکر صدر نشین کمیشن طارق انصاری سے ملاقات کی ہے اور کیس کی تفصیلات حاصل کیں ۔ طارق انصاری نے انہیں ایک ماہ سے زیادہ عرصہ سے ان کی جانب سے ہماچل پردیش اور پنجاب پولیس عہدیداروں ، گورنمنٹ میڈیکل کالج جس میں نلگنڈہ کی متوطن عرشیہ انجم زیر تعلیم تھی اس کی تفصیلات ان کے والدین کی شکایت ، گورنمنٹ میڈیکل کالج اور پولیس کی جانب سے انہیں دی گئی اطلاعات اور ان کی طلب کردہ رپورٹس پر مثبت ردعمل کا اظہار نہ کرنے کی تفصیلات پیش کی ۔ صدر نشین اقلیتی کمیشن نے تحقیقاتی پولیس آفیسر کو بتایا کہ طالبہ کے والدین کو اپنی اکلوتی دختر کی مشتبہ موت پر شکوک و شبہات ہیں ۔ یہاں تک کہ والدین کو بھی زیر علاج اپنی دختر سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی ۔ انہوں نے پوسٹ مارٹم رپورٹ کے علاوہ دیگر تفصیلات طلب کی ہے ۔ میڈیکل کالج اور ہاسپٹل انتظامیہ کا ردعمل ان کے لیے تشفی بخش نہیں تھا اس لیے انہوں نے ڈی جی پی تلنگانہ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے سارے واقعہ کی اسپیشل آفیسر کا تعین کرتے ہوئے تحقیقات کرانے کی اپیل کی تھی جس پر انہوں نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا ۔ وہ ڈی جی پی سے اظہار تشکر کرتے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ ونود کمار اس معاملے کی منصفانہ تحقیقات کرتے ہوئے تفصیلی رپورٹ پیش کریں گے ۔۔ ن