ڈی جی پی کے تقرر پر ہائی کورٹ کے آج فیصلہ کا امکان

   

حیدرآباد ۔8 ۔ جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ کے ڈائرکٹر جنرل پولیس کے تقرر کے خلاف درخواست کی ہائی کورٹ میں سماعت مکمل ہوچکی ہے اور عدالت نے فیصلہ محفوظ کردیا ہے ۔ تلنگانہ حکومت نے ڈی جی پی عہدہ سے جتیندر آئی پی ایس کی سبکدوشی کے بعد شیودھر ریڈی کو نیا ڈی جی مقرر کیا۔ تقرر کیلئے سپریم کورٹ احکامات کی خلاف ورزی کی شکایت کے ساتھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی۔ ہائی کورٹ نے 25 ڈسمبر کو حکومت کو ہدایت دی تھی کہ ڈی جی پی عہدہ پر تقرر کیلئے سینیاریٹی کی بنیاد پر آئی پی ایس عہدیداروں کا پیانل اندرون دو ہفتے یونین پبلک سرویس کمیشن کو روانہ کیا جائے۔ ہائی کورٹ نے اس پر فریقین کی مباحث کی سماعت کو مکمل کرلیا اور فیصلہ محفوظ کردیا گیا۔ بتایا گیا کہ حکومت نے یونین پبلک سرویس کمیشن کو مستقل ڈی جی پی کے عہدہ کیلئے جو پیانل روانہ کیا ہے ، اس میں موجودہ ڈی جی پی شیودھر ریڈی کے علاوہ سی وی آنند ، سومیا مشرا اور شیکھا گوئل کے نام شامل ہیں۔ سپریم کورٹ کی اجازت کے ذریعہ پیانل روانہ کرنے پبلک سرویس کمیشن نے فہرست کو واپس کردیا تھا ۔ بتایا گیا کہ ڈسمبر میں حکومت سے دوسری مرتبہ پیانل کمیشن کو روانہ کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ ہائی کورٹ ڈی جی پی کے تقرر کے مسئلہ پر جمعہ کو اپنا فیصلہ سنائے گا۔1