ڈی جی پی کے عہدہ پر ڈاکٹر جتیندر کے جانشین کے انتخاب کیلئے سرگرمیاں

   

شیودھر ریڈی اولین ترجیح، بعض دیگر آئی پی ایس عہدیداروں کی ذمہ داریوں میں تبدیلی کا امکان
حیدرآباد ۔ 10 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں ڈائرکٹر جنرل پولیس کے عہدہ پر ڈاکٹر جتیندر کا جانشین کون ہوگا ؟ موجودہ ڈائرکٹر جنرل پولیس کی میعاد جاریہ ماہ کے اختتام تک ختم ہورہی ہے اور تلنگانہ حکومت نے نئے ڈی جی پی کے انتخاب کے لئے سرگرمیوں کا آغاز کردیا ہے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر ریونت ریڈی نے امکانی ڈی جی پی کے علاوہ پولیس کے دیگر شعبہ جات میں اعلیٰ عہدیداروں کے تبادلہ پر ریاستی وزراء اور اپنے اڈوائزرس سے مشاورت کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کی ذمہ داریوں کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں تاکہ حکومت کی جانب سے جرائم اور منشیات پر قابو پانے کے منصوبہ کو کامیابی حاصل ہو۔ انٹلیجنس چیف شیودھر ریڈی کا نام امکانی ڈائرکٹر جنرل پولیس کے طور پر سرفہرست بتایا جاتا ہے۔ کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد ریونت ریڈی نے اپنے قریبی اور بااعتماد شیودھر ریڈی کو انٹلیجنس چیف کے عہدہ پر فائز کیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ سنیاریٹی اور نمایاں خدمات کے سبب ڈائرکٹر جنرل پولیس کے عہدہ کیلئے وہ حکومت کی اولین ترجیح ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ آر ٹی سی کے مینجنگ ڈائرکٹر وی سی سجنار کو انٹلیجنس چیف مقرر کیا جاسکتا ہے۔ کمشنر پولیس حیدرآباد سی وی آنند کو ڈائرکٹر جنرل اینٹی کرپشن بیورو کو مقرر کئے جانے کی اطلاعات ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس لاء اینڈ آرڈر مہیش بھاگوت کو حیدرآباد کا نیا پولیس کمشنر مقرر کیا جاسکتا ہے۔ اسپیشل چیف سکریٹری ہوم روی گپتا کو ویجلنس ، ڈائرکٹر جنرل جیل ڈپارٹمنٹ سومیا مشرا کو ہوم سکریٹری مقرر کئے جانے کا امکان ہے ۔ سائبر آباد پولیس کمشنر اویناش موہنتی کو بھی اہم عہدہ دیئے جانے کا امکان ہے۔ شہر کے تین کمشنریٹ میں خدمات انجام دینے والے بعض آئی پی ایس عہدیداروں، اضلاع کے کمشنرس اور سپرنٹنڈنٹس آف پولیس کے بھی تبادلوں کا امکان ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عہدیداروں کی کارکردگی پر رپورٹ طلب کی ہے جس کی بنیاد پر ذمہ داریاں تفویض کی جائیں گی۔ امید کی جارہی ہے کہ آئندہ دو ہفتوں میں چیف منسٹر آئی پی ایس عہدیداروں کے بارے میں اہم فیصلہ کریں گے ۔