حیدرآباد ۔ /19 نومبر (سیاست نیوز) نامپلی کریمنل کورٹ کے آٹھویں ایڈیشنل چیف میٹرو پولیٹین مجسٹریٹ نے گرفتار شدہ درسگاہ جہاد و شہادت کے ارکان کی ضمانت منظور کرلی ہے ۔ بابری مسجد فیصلہ کے خلاف /13 نومبر کو ڈی جی ایس کے کارکن پریس کانفرنس منعقد کرنے کی کوشش کررہے تھے کہ مغلپورہ پولیس نے انہیں سنگین دفعات کے تحت گرفتار کرلیا ۔ اس کارروائی میں مغلپورہ پولیس نے صدر ڈی جی ایس محمد عبدالماجد ، جنرل سکریٹری صلاح الدین عفان ، آرگنائزنگ سکریٹری محمد بن عمر ، محمد حامد اور سید وسیم کیخلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرکے عدالتی تحویل میں دیدیا تھا ۔ نامپلی کریمنل کورٹ میں وکیل دفاع اور استغاثہ کے مباحث کے بعد عدالت نے ڈی جی ایس ارکان کی رہائی کا حکم دیا ۔ جس کے بعد انہیں آج رات چنچل گوڑہ سنٹرل جیل سے رہا کردیا گیا ۔