ڈی جے کااستعمال ‘ میئرحیدرآباد کیخلاف مقدمہ درج

   

حیدرآباد 13 اکٹوبر (سیاست نیوز): حیدرآباد کی میئر گدوال وجے لکشمی کیخلاف بتکما کے ایک پروگرام میں مبینہ طور پر ڈی جے کے استعمال کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق بنجارہ ہلز روڈ نمبر 12 کے این بی ٹی نگر میں ایک تقریب میں منتظمین مذہبی جلوس اور تہواروں کے دوران اس پر عائد پابندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ڈی جے سسٹم کا استعمال کر رہے تھے۔پولیس کی ایک ٹیم مقام پر پہنچی اور منتظمین سے ڈی جے سسٹم کو بند کرنے کو کہا تاہم وہ باز نہیں آئے۔بنجارہ ہلز پولیس نے بتایا کہ شور کی سطح کی خلاف ورزی کرنے پر ایک کیس درج کیا گیا ہے اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔