ڈی سرینواس کی 24 جنوری کوکانگریس میں واپسی کا امکان

   

سونیا گاندھی نے گھر واپسی کو منظوری دی، راجیہ سبھا کی رکنیت سے استعفیٰ کی تیاریاں

حیدرآباد۔/16 جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے سینئر قائد ڈی سرینواس کی 24 جنوری کو گھر واپسی کا امکان ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ صدر کانگریس سونیا گاندھی کی موجودگی میں ڈی سرینواس نئی دہلی میں رسمی طور پر پارٹی میں دوبارہ شامل ہوجائیں گے۔ ٹی آر ایس کے رکن راجیہ سبھا ڈی سرینواس گزشتہ طویل عرصہ سے ناراض ہیں اور انہوں نے ٹی آر ایس کی سرگرمیوں سے دوری اختیار کرلی ہے۔ ٹی آر ایس نے بھی انہیں پارٹی اجلاسوں میں مدعو کرنا چھوڑ دیا تھا۔ ڈی سرینواس کے ایک فرزند ڈی اروند نظام آباد سے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ہیں جبکہ بڑے فرزند ڈی سنجے نے حال ہی میں کانگریس میں واپسی کی ہے۔ ڈی سرینواس کی کانگریس میں واپسی کی اطلاعات پارلیمنٹ کے حالیہ اجلاس کے دوران شدت اختیار کرگئیں جب انہوں نے صدر کانگریس سونیا گاندھی سے ملاقات کی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ پارلیمنٹ سیشن کے بعد شمولیت کی حکمت عملی تیار کی گئی اور باقاعدہ شمولیت سے قبل ڈی سرینواس راجیہ سبھا کی رکنیت سے استعفی دے دیں گے۔ پردیش کانگریس کے صدر کے علاوہ ریاستی وزیر کی حیثیت سے ڈی سرینواس خدمات انجام دے چکے ہیں۔ صدر ٹی آر ایس اور چیف منسٹر کے سی آر سے اختلافات کے سبب ڈی سرینواس سیاسی سرگرمیوں سے دور ہوچکے تھے تاہم ریونت ریڈی کے صدر پردیش کانگریس مقرر ہونے کے بعد پارٹی میں جوش و خروش میں اضافہ کے پیش نظر انہوں نے گھر واپسی کا من بنالیا۔ اطلاعات کے مطابق ڈی سرینواس نے اس مسئلہ پر ریونت ریڈی سے بات چیت کی اور کہا کہ وہ کسی عہدہ کے بغیر صرف پارٹی کی خدمت اور رہنمائی کیلئے شمولیت اختیار کرنا چاہتے ہیں۔ ریونت ریڈی اور کسم کمار نے حال ہی میں ڈی سرینواس سے ان کی قیامگاہ پہنچ کر ملاقات کی تھی جب وہ گھر میں پھسل کر گرنے سے زخمی ہوگئے تھے۔ ریونت ریڈی کے صدر پردیش کانگریس مقرر کئے جانے کے بعد ڈی سرینواس کے بڑے فرزند ڈی سنجے نے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ اسی دوران متحدہ نظام آباد ضلع کے بعض قائدین ڈی سرینواس کی شمولیت کی مخالفت کررہے ہیں۔ ہائی کمان ناراض قائدین کو منانے کی کوشش کررہا ہے۔ر