ڈی سرینواس کے سیاسی مستقبل پر قیاس آرائیاں جاری

   

حیدرآباد 18 ڈسمبر ( این ایس ایس ) سینئر سیاستدان و رکن راجیہ سبھا ڈی سرینواس نے حال میں کانگریس صدر سونیا گاندھی سے ملاقات کرکے سیاسی حلقوں میں ہلچل پیدا کردی ہے ۔ کئی سیاسی پنڈتوں نے کہا ہے کہ سرینواس بہت جلد ٹی آر ایس سے ترک تعلق کرکے کانگریس میں واپسی کریں گے ۔ تاہم بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ جہاں ڈی سرینواس کانگریس میں واپسی کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں وہیں سونیا گاندھی نے ان کی شمولیت کی رضامندی نہیں دی ہے ۔ سرینواس کی راجیہ سبھا کی رکنیت تین ماہ میں ختم ہوجائے گی ۔ ذرائع کے بموجب ڈی سرینواس نے سونیا گاندھی سے اپنی ملاقات میں کہا کہ وہ اپنا سیاسی کیرئیر کانگریس کے ساتھ ختم کرنا چاہتے ہیں۔ سونیا گاندھی نے پارٹی کے ریاستی انچارچ مانیکم ٹیگور سے اس مسئلہ کا جائزہ لینے کو کہا ۔ تاہم ڈی سرینواس کو ریاستی قائدین کی مخالفت کا سامنا ہے ۔