حیدرآباد ۔ 11 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) خیریت آباد کے رکن اسمبلی ڈی ناگیندر نے کہا کہ جوبلی ہلز ضمنی چناؤ کیلئے کانگریس ہائی کمان موزوں امیدوار کا انتخاب کرے گی۔ ڈی ناگیندر نے نیو ایم ایل اے کوارٹرس میں کلیان لکشمی، شادی مبارک اور چیف منسٹر ریلیف فنڈ کے چیکس استفادہ کنندگان میں تقسیم کئے۔ اس موقع پر ناگیندر نے کہا کہ جوبلی ہلز میں کانگریس پارٹی کی کامیابی اہمیت کی حامل رہے گی۔ انہوں نے جوبلی ہلز سے مقابلہ کے بارے میں بعض گوشوں میں پھیلائی جانے والی خبروں کو مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ بعض سوشیل میڈیا چیانلس ان کے بارے میں گمراہ کن خبریں پھیلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی جسے بھی ٹکٹ دے گی ، اس کی کامیابی یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی حالات میں جوبلی ہلز کا چناؤ اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے ریمارک کیا کہ اگر کانگریس پارٹی انہیں ٹکٹ دیتی ہے تو وہ جوبلی ہلز پر کانگریس کا پرچم لہرانے کیلئے تیار ہیں۔ ڈی ناگیندر ریاستی کابینہ میں شمولیت کی مساعی کر رہے ہیں۔1